شکر کریں نیب میں اب نیب 90 دن کا نہیں 14 دن کا ہے، شرجیل میمن


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کی گرفتاری پر جشن نہیں منا رہے، شکر کریں نیب میں اب ریمانڈ 90 دن کا نہیں 14 دن کا ہے . کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی سیاسی مخالفین کی گرفتاری پر خوش نہیں ہوتی، باقی لوگ نیب کو جواب دیتے رہے ہیں، عمران خان بھی اب جواب دیں .


انہوں نے کہا کہ مجھے عدالتی احاطے سے گرفتار کیا گیا تھا، میرے وارنٹ گرفتاری نہیں تھے اس کے باوجود 21 ماہ جیل میں رہا . شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ کل جو تماشہ لگایا گیا وہ ناقابل قبول ہے، کیا لوگوں کو سڑکوں پر نکالنا مشکل ہے، کوئی بھی سیاسی جماعت لوگوں کو سڑکوں پر نکال سکتی ہے .
صوبائی وزیر نے کہا کہ گزشتہ روز واٹر بورڈ کی گاڑیوں کو آگ لگائی گئی، عمران خان کی دشمنی افراد سے نہیں ملک سے ہے، پی ٹی آئی کے لوگ پریس کانفرنس کر کے بتائیں کہ عمران خان نے القادر ٹرسٹ کیوں بنائی . ان کا کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ سندھ نے ہدایت دی ہے کہ شرپسند عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے، بسوں کو جلانے والوں کو معافی نہیں ملے گی، جن لوگوں نے بسیں جلائیں ان کو گرفتار کیا جائے گا .
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ پولیس چاہتی تو شاہراہ فیصل کو 5 منٹ میں کلیئر کرا دیتی مگر ہم تصادم نہیں چاہتے تھے، اپوزیشن لیڈر ڈنڈے لے کر گلو بٹ کی طرح گھوم رہا تھا .
شرجیل میمن کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو پُرامن مظاہرہ کرنا ہے تو ہم سے اجازت لے ہم احتجاج کے لیے جگہ دیں گے، اگر کسی نے قانون ہاتھ میں لیا تو سخت کارروائی ہو گی، عمران خان کوکرپٹ پریکٹسز کی وجہ سے گرفتارکیا گیا . انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری اپنا کاروبار کھولیں، کسی نے قانون ہاتھ میں لیا کارروائی ہو گی، پیپلز بس سروس کی بسوں کو نقصان پہنچایا گیا، پولیس نے سی سی ٹی وی ویڈیوز کی مدد سے شرپسندوں کی تصاویر نکال لی ہیں انہیں گرفتار کیا جائے گا .

. .

متعلقہ خبریں