عمران خان نے گرفتاری کیخلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرلیا
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے گرفتاری کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست دائر کردی۔چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے گرفتاری کو درست قرار دینے کے فیصلے کو کالعدم قراردینے کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کا حکم آرٹیکل 10 اے کی خلاف ورزی ہے جبکہ فیصلہ تضادات سے بھرپور ہے۔ عدالت عمران خان کو غیر قانونی حراست سے نکالنے میں ناکام رہی۔ سیکرٹری داخلہ اور آئی جی اسلام آباد کو توہین عدالت کے نوٹس بھی جاری کیے گئے۔
درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ چئیرمین نیب کے جاری کیے گئے وارنٹ غیر قانونی ہیں۔ انکوائری کو تحقیقات میں بدلنے کے بعد نیب نے کوئی نوٹس جاری نہیں کیا۔ جس 190 ملین کی کرپشن کا الزام ہے وہ پہلے ہی سپریم کورٹ میں جمع کروائے جا چکے ہیں حکومت جب چاہے 190 ملین کہیں بھی منتقل کرسکتی ہے۔درخواست کے مطابق عمران خان کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ عدالتی حدود سے گرفتاری کیخلاف سپریم کورٹ کے متعدد فیصلے موجود ہیں۔