گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب سے قبل تحریک انصاف میں فارورڈ بلاک سامنے آ گیا
گلگت بلتستان(قدرت روزنامہ) گلگت بلتستان کے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب سے قبل تحریک انصاف کا فارورڈ گروپ سامنے آ گیا۔ہم نیوز کی رپورٹ کے مطابق گروپ کی قیادت وزیر صحت گلگت بلتستان حاجی گلبر خان کر رہے ہیں۔انہوں نے 7 سے 8 منحرف اراکین کی حمایت کا بھی دعویٰ بھی کیا ہے۔وزیر صحت گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے 9 مئی کے واقعات کی مذمت بھی کی۔
انہوں نے کہا کہ گلگت اور دیامر کے عوام کا مسلح افواج کے ساتھ ہمیشہ گہرا تعلق رہا ہے۔جب کہ سابق وزیراعلیٰ خالد خورشید کا کہنا ہے کہ ان کی اراکین متحد ہیں، یہ عدالت سے حکم امتناع لیکر ہمارے اراکین توڑنا چاہتے ہیں۔دوسری جانب سپریم ایپلٹ کورٹ گلگت بلتستان نے نئے وزیراعلٰی کا انتخاب ملتوی کر دیا ۔
سپریم ایپلٹ کورٹ گلگت بلتستان نے نئے وزیراعلٰی کے انتخاب کیلئے اسمبلی اجلاس روکنے کا حکم دے دیا،جی بی کے نئے وزیراعلٰی کے انتخاب کیلئے بلائے گئے اجلاس پر سپریم ایپلٹ کورٹ نے حکمِ امتناع جاری کر دیا۔
عدالت نے قرار دیا کہ اسپیکر 72 گھنٹوں میں وزیراعلٰی کے انتخاب کیلئے نیا شیڈول جمع کرائیں۔ پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی حاجی گلبر خان نے اجلاس ملتوی کرنے کیلئے سپریم ایپلٹ کورٹ جی بی میں درخواست جمع کرائی تھی،حاجی گلبر خان نے مؤقف اختیار کیا کہ بیماری کے باعث جی بی میں موجود نہیں ہوں،انتخابات کا حصہ نہیں بن سکتا۔ وزیراعلٰی کے انتخاب کیلئے آج تین بجے اجلاس طلب کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان خالد خورشید کو جعلی ڈگری کیس میں نااہل قرار دے دیا گیا تھا،چیف کورٹ گلگت بلتستان نے خالد خورشید کی نااہلی کا فیصلہ سنایا تھا۔ جبکہ پی ٹی آئی نے راجہ اعظم کو وزیراعلٰی گلگت بلتستان کیلئے نامزد کیا ہے۔