پاکستان اسٹاک ایکسچینج،100انڈیکس میں 410پوائنٹس کا اضافہ
کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھنے میں آ رہی ہے، 100 انڈیکس میں 410 پوائنٹس کے اضافے سے انڈیکس 53 ہزار 70 پوائنٹس پر پہنچ گیا ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں عام انتخابات کی تاریخ دینے کے بعد پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان دیکھا گیا۔
پی ایس ایکس ویب سائٹ کے مطابق پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس تقریباً 2 بج کر 8 منٹ پر 322 پوائنٹس یا 0.61 فیصد اضافے کے بعد 52 ہزار 664 پوائنٹس پر پہنچ گیا، جو گزشتہ روز 52 ہزار 342 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
یہ پیش رفت الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات 11 فروری کو کرانے کی یقین دہانی کے بعد سامنے آئی، جس سے سیاسی استحکام کا عندیہ ملتا ہے۔
اسٹیٹ بینک کی جانب سے پالیسی شرح سود 22 فیصد برقرار رکھنے کے اعلان کے بعد مسلسل چار روز سے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں مثبت رجحان جاری ہے۔
اس کے علاوہ اکتوبر میں مہنگائی 26.9 فیصد ریکارڈ کی گئی، تجزیہ کاروں کے مطابق یہ اس بات کا اشارہ ہے کہ مستقبل قریب میں مہنگائی کم ہوگی۔