اسلام آباد

بیساکھی کے تیوہار پر وزیراعظم محمد شہباز شریف کا پیغام


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں بیساکھی کے رنگا رنگ تیوہار کے موقع پر دنیا بھر اور پاکستان میں مقیم سکھ برادری کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ (پی آئی ڈی) سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا ہے کہ دیسی مہینہ بیساکھ بہار کے موسم کی علامت اور بیساکھی پیار، محبت اورخوشیاں بانٹنے کا تیوہار ہے۔ ہمیں فخر ہے کہ پاکستان مختلف عقائد اور ثقافتوں کا ایک خوبصورت امتزاج ہے، بیساکھی کے رنگ اس خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت پاکستان اور تمام صوبائی حکومتیں اس امر کو یقینی بنا رہی ہیں کہ بیساکھی کی رسومات ادا کرنے کے لیے پاکستان میں موجود مذہبی مقامات کا دورہ کرنے والے دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں کو تمام تر سہولیات فراہم جائیں گی۔
انہوں نے کہا کہ بیساکھی کے موقع پر میں آپ سب کو پیار، محبت اور امن کا پیغام دینا چاہتا ہوں۔ آئیں مل کر ایک پر امن دنیا کی تشکیل میں اپنا کردار ادا کریں۔

متعلقہ خبریں