مرد میرے رعب سے ڈرتے ہیں، مجھ سے روابط بڑھانے سے قبل سوچتے ہیں: مہوش حیات
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری سے وابستہ معروف اداکارہ مہوش حیات نے انکشاف کیا کہ آج تک کبھی کسی مرد نے ان سے تعلقات استوار کرنے کی سنجیدہ کوشش نہیں کی، شاید اس کی وجہ میری شخصیت ہے، میرے رعب کی وجہ سے وہ مجھ سے ڈرتے ہیں اور مجھ سے دور رہتے ہیں، جو کہ اچھی بات ہے کہ وہ مجھ سے روابط بڑھانے سے قبل سوچتے ہیں۔
جیو نیوز کے پروگرام ایک دن جیو کے ساتھ میں میزبان سہیل وڑائچ سے بات کرتے ہوئے مہوش حیات نے اپنے شریک حیات کی خوبیاں بیان کردیں۔اداکارہ کے مطابق وہ ایسے شخص سے شادی کریں گی جس کا حسِ مزاح و شخصیت اچھی ہو اور ساتھ ہی وہ مالی اعتبار سے مستحکم ہو اور ان سے زیادہ پیسے کماتا ہو۔
انہوں نے کہا کہ مجھے لُکس سے کوئی غرض نہیں ہے لیکن چونکہ میں سنجیدہ ہوں اس لیے چاہتی ہوں کہ کوئی ایسا شخص ملے جس کا حس مزاح بہت اچھا ہو اور ساتھ ہی وہ رومانٹک بھی ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس شخص کی شخصیت خوش مزاج اور مہربان ہو اس کے ساتھ ہی اس کا مالی اعتبار سے مستحکم ہونا اور مجھ سے زیادہ کمانا ضروری ہے اس کے علاوہ ذہنی و جذباتی اعتبار سے ہم آہنگ اور سپورٹ کرتا ہو۔شادی کب کریں گی؟ کا جواب دیتے ہوئے اداکارہ نے بتایا کہ فی الحال شادی کا کوئی ارادہ نہیں ہے، کیونکہ شادی ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے۔
مہوش حیات کے مطابق وہ ایک پرفیکشنسٹ ہیں اور چاہتی ہیں کہ شادی کے رشتے کو بھی پوری طرح نبھائیں اس لیے ابھی کیرئیر پر توجہ مرکوز رکھنا چاہتی ہیں اور مقرر اہداف پورے کرنے کے بعد شادی کی خواہش مند ہیں اور شادی کے بعد کچھ عرصے کے لیے شوبز سے دوری اختیار کرنے کا بھی ارادہ رکھتی ہیں۔