فن و ثقافت شوبز

انسان فیکٹری میں تیار ہورہے ہیں؟ اداکارہ حنا رضوی کا ناقدین سے سوال


کراچی(قدرت روزنامہ) حال ہی میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے والی پاکستانی اداکارہ حنا رضوی نے اُن کے وزن پر تنقید کرنے والوں کو منہ توڑ جواب دے دیا۔ حنا رضوی اور عمار احمد خان کی شادی کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں تو کچھ صارفین نے اداکارہ کے وزن کی وجہ سے اُن پر تنقید کی جبکہ کچھ صارفین نے اداکارہ کو زائد العمری میں شادی کرنے کے طعنے بھی دیے۔
اداکارہ نے صارفین کی تنقید کا جواب ایک ٹی وی شو کے دوران دیا، حنا رضوی نے اپنے شوہر عمار احمد خان کے ہمراہ ندا یاسر کے مارننگ شو میں شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنی شادی اور اُن پر تنقید کرنے والوں سے متعلق گفتگو کی۔
حنا رضوی نے کہا کہ میری ہمیشہ سے یہی خواہش تھی کہ میری شادی ایسے شخص سے ہو جس کے ساتھ میری ذہنیت ملتی ہو، جو مجھے سمجھے، جو باکردار ہو، جو ہر ایک کی عزت کرتا ہو۔
اداکارہ کی بات سُن کر میزبان ندا یاسر نے کہا کہ آج کل ہمارے یہاں لڑکیاں ایک ایسا مرد تلاش کرتی ہیں جو خوبصورت ہو، اچھا کماتا ہو تو اس پر آپ کیا کہنا چاہیں گی؟ میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے حنا رضوی نے کہا کہ ایسے ہمسفر کے ساتھ کیسے زندگی گزر سکتی ہے جو خوبصورت ہو لیکن باکردار نہ ہو، جو نہ آپ کی عزت کرے اور نہ ہی آپ کو سمجھے۔
حنا رضوی کے شوہر عمار احمد خان نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں مردوں کی ایسی ذہنیت بن گئی ہے کہ شادی کے لیے لڑکی دُبلی پتلی ہو، گوری رنگت ہو، خوبصورت ہو، لمبے قد کی ہو۔
عمار احمد خان نے کہا کہ میں ایسے مردوں کو یہی کہنا چاہتا ہوں کہ پتلی لڑکی بھی ایک عُمر پر جاکر موٹی ہوجاتی ہے، مرد ہو یا عورت وقت کے ساتھ اُن کی خوبصورتی ڈھل جاتی ہے، بال جھڑ جاتے ہیں، چہرہ تبدیل ہوجاتا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ کامیاب ازدواجی زندگی کے لیے خوبصورت ہمسفر کا ہونا لازمی نہیں بلکہ آخری وقت تک جو چیز ساتھ چلتی ہے، وہ یہ ہے کہ میاں بیوی ایک دوسرے کو کتنا سمجھتے ہیں، ایک دوسرے کی کتنی عزت کرتے ہیں۔
شوہر کی بات سُن کر حنا رضوی نے کہا کہ جو لوگ کسی کی جسامت یا ظاہری شکل پر تنقید کرتے ہیں، میرا اُن سے یہ سوال ہے کہ کیا انسان کسی فیکٹری میں تیار ہورہے ہیں؟
حنا رضوی نے مزید کہا کہ ہم اللہ تعالیٰ کی بنائی ہوئی مخلوق پر کیسے تنقید کرسکتے ہیں، لوگ تنقید کرتے ہوئے بہت سی گھٹیا اور غیراخلاقی باتیں بول دیتے ہیں۔ اسی شو کے دوران حنا رضوی نے اپنے ناقدین کو یہ جواب بھی دیا تھا کہ وہ بریانی نہیں ہیں جو ہر کسی کو اچھی لگیں یا ہر کسی کو خوش رکھ سکیں۔
واضح رہے کہ حنا رضوی نے اپنی بڑی بہن سنگیتا کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے کئی پاکستانی ڈراموں میں اداکاری کی ہے، اُن کے مشہور ڈراموں میں ‘فیری ٹیل’، ‘بشر مومن’، ‘اُمید’، ‘کالج گیٹ’، ‘بندش’ اور ‘تقدیر’ سمیت دیگر ڈرامے شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں