اسلام آباد (قدرت روزنامہ)برطانوی نژاد پاکستانی اداکار علی خان کا کہنا ہے کہ انہیں کاجول کے ساتھ ویب سیریز ’دی ٹرائل‘ کے لیے شوٹ کروائے گئے رومانوی مناظر اسکرین پر دیکھنے پر معیوب محسوس نہیں ہوئے . اداکار کے بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے .
حال ہی میں اداکار نے نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ بطور مہمان شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیریئر سمیت مختلف امور پر تبادلۂ خیال کیا .
دورانِ انٹرویو میزبان نے ویب سیریز ’دی ٹرائل‘ میں کاجول کے ساتھ شوٹ کروائے گئے رومانوی مناظر کے حوالے سے سوال کیا .
میزبان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے علی خان نے انکشاف کیا کہ ویب سیریز ’دی ٹرائل‘ کا اسکرپٹ اہلیہ نے پڑھا ہوا تھا، بلکہ یہ مناظر ریکارڈ کروانے سے قبل ان سے اجازت لی تھی .
بالی ووڈ سے اداکاری کا آغاز کرنے والے اداکار نے مزید بتایا کہ ویب سیریز کی ریکارڈنگ کے ایک سال بعد یہ پروجیکٹ آن ایئر ہوا، مجھے اندازہ نہیں تھا کہ مذکورہ منظر کون سی قسط میں ہیں .
انہوں نے بتایا کہ غالباً یہ کوئی 7 ویں یا 8 ویں قسط تھی اور ہم تمام گھر والے یعنی میری اہلیہ اور میری 15 سالہ بیٹی، ہم سب ایک ساتھ بیٹھ کر یہ سیریز دیکھ رہے تھے کہ اسی دوران یہ منظر آیا اور چند سیکنڈ میں گزر گیا، ہم میں سے کسی کو بھی یہ معیوب محسوس نہیں ہوا .
انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے مزید کہا کہ یہ وہ وقت تھا جب میں نے اس قدر فخر محسوس کیا کہ اس منظر کو دیکھ کر کسی نے بھی کچھ ظاہر نہیں کیا اور نہ ہی شرمندگی کا احساس دلایا .
جیسے ہی اس انٹرویو کا مذکورہ ویڈیو کلپ وائرل ہوا تو سوشل میڈیا صارفین نے اداکار کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا .
صارفین کا کہنا ہے کہ مُہذب لوگ کبھی کوئی فحش مواد نہیں دیکھتے بالخصوص اہلِ خانہ کے ساتھ تو بالکل بھی نہیں جبکہ بیشتر صارفین اداکار سے نالاں ہیں اور ان کے بیان کو غیر مناسب قرار دے رہے ہیں اور کہہ رہے ہیں کہ یہ کوئی فخر کی بات نہیں ہے .