لاہور: ٹکسالی گیٹ کے علاقے میں موٹرسائیکل سوار کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید
لاہور(قدرت روزنامہ) ٹکسالی گیٹ کے علاقے میں موٹرسائیکل سوار کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید ہوگیا، ملزمان کی گرفتاری کیلیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق ٹکسالی گیٹ کے علاقے میں موٹرسائیکل سوار حملہ آور نے باوردی پولیس اہلکار پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں پولیس اہلکار شدید زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکا۔
پولیس ذرائع کے مطابق شہید پولیس اہلکار کی شناخت کانسٹیبل غلام رسول کے طور پر ہوئی، جو پان سگریٹ کی دکان پر کھڑا تھا کہ موٹر سائیکل پر سوار حملہ آور نے آکر اس پر فائر کھول دیا۔ حملہ آور کی تصویر بھی منظر عام پر آگئی ہے جس میں وہ جامنی شرٹ اور سرخ ہیلمٹ پہنے سرخ رنگ ہی کی موٹرسائیکل پر سوار نظر آرہا ہے۔
ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے مطابق شہید کانسٹیبل غلام رسول جوڈیشل ونگ میں تعینات تھا۔ خیال رہے کہ ٹکسالی گیٹ کے علاقے میں دوسری بار پولیس اہلکار کو نشانہ بنایا گیا ہے، قبل ازیں بھی موٹرسائیکل سوار نے دو پولیس اہلکاروں پر فائرنگ کی تھی جس کے نتیجے میں ایک سب انسپکٹر شہید ہوگیا تھا۔
دریں اثنا ایس پی سٹی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں ملزمان کی فوری گرفتاری کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں، اور ملزمان کی گرفتاری کے لیے جدید ٹیکنالوجی سمیت ڈیٹا اینالسز، جیو فینسنگ سے مدد لینے کا بھی حکم جاری کردیا گیا ہے۔
علاوہ ازیں ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان اصغر نے ٹکسالی گیٹ میں جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے پولیس کانسٹیبل کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملزمان کو جلد گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔