فن و ثقافت شوبز

بھارتی گلوکارہ سنیدھی چوہان پر لائیو کنسرٹ میں حملہ


اترکھنڈ(قدرت روزنامہ)بھارت کی معروف گلوکارہ سنیدھی چوہان پر لائیو کنسرٹ کے دوران بوتل سے حملہ کیا گیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کررہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حال ہی میں ریاست اترکھنڈ کے دارالحکومت دہرادون کی یونیورسٹی میں سنیدھی چوہان کے میوزک کنسرٹ کا انعقاد کیا گیا جس میں گلوکارہ کے مداحوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔
سنیدھی چوہان پُرجوش انداز میں اسٹیج پر پرفارم کررہی تھیں کہ اچانک سامعین کی جانب سے گلوکارہ پر کسی نے پانی کی بوتل پھینکی، بوتل کے حملے سے وہ تھوڑا گھبرا گئی تھیں۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سنیدھی چوہان نے کچھ دیر تک بوتل کو دیکھا، پھر گلوکارہ نے اپنے اردگرد دیکھا اور کہا کہ یہ کیا ہورہا ہے؟ بوتلیں پھینکنے سے کیا ہوگا؟
سنیدھی چوہان نے کہا کہ کیا ایسا کرنے سے کنسرٹ رُک جائے گا؟ کیا آپ یہی چاہتے ہیں؟ جس پر کنسرٹ میں موجود مداحوں نے ایک آوازا میں کہا ‘نہیں’۔
مداحوں کا جواب سُن کر سنیدھی چوہان مُسکرائیں اور پھر اُنہوں نے دوبارہ سے اپنی پرفارمنس کا آغاز کیا۔
وائرل ویڈیو پر تبصرے کرتے ہوئے مداحوں نے کہا کہ سنیدھی چوہان اس گھٹیا حرکت پر کنسرٹ چھوڑ کر بھی جاسکتی تھیں لیکن اُنہوں نے ایسا نہیں کیا کیونکہ وہ لیجنڈ ہیں جبکہ لوگ آج کل بےشرم ہوگئے ہیں۔