بلوچستان

گوادر شہر میں کوئی آہنی باڑ نہیں لگائی جارہی، خبریں بے بنیاد ہیں، ڈپٹی کمشنر


گوادر(قدرت روزنامہ)ڈپٹی کمشنر گوادر حمود الرحمان کی جانب سے کہا گیا ہے کہ چند دنوں سے مختلف غیر معتبر سوشل میڈیا اکاﺅنٹس پر گوادر شہر سے متعلق بے بنیاد افواہیں پھیلائی جارہی ہیں۔ ان افواہوں میں گوادر شہر کو چین کے حوالے کرنے سے لے کر، شہرکے گرد آہنی باڑ تعمیر کرنے جیسے مضحکہ خیز دعوے شامل ہیں۔ حکومت بلوچستان، گوادر اور اس کے شہریوں کی ترقی خوشحالی اور روایتی اقدار کی حفاظت کی ضامن ہے اور اسے ہر قیمت پر یقینی بنائے گی۔گوادر کو خطے کی مثالی بندرگاہ اور اسمارٹ سٹی کی طرز پر تعمیر کیا جارہا ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کے دیگر بڑے شہروں کے طرز پر سیف سٹی کا منصوبہ بھی حکومت بلوچستان سے منظور شدہ پروجیکٹ ہے۔ اس پروجیکٹ کا مقصد جرائم، اسمگلنگ اور تخریب کاری کی روک تھام ہے۔ یہ پروجیکٹ کیمروں کی تنصیب اور ٹریفک کی چیکنگ کے جدید نظام پر مشتمل ہے۔ گوادر کے گرد نہ تو باڑ کی تنصیب کی جارہی ہے اور نہ ہی ایسا کوئی اقدام زیر غور ہے۔ یہ خبر محض جھوٹا پروپیگنڈا ہے جس کا مقصد گوادر کی ترقی کی راہ میں مشکلیں پیدا کرنا، امن و امان کی صورتحال کو خراب کرنا اور گوادر کے معصوم عوام اور نوجوانوں کو گمراہ کرنا ہے۔ یہ پروپیگنڈا بالخصوص اس وقت شروع کیا گیا ہے جب گوادر میں انڈسٹریل ایگریکلچر پارک کا افتتاح ہوا اور گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ تکمیل کے مراحل کو پہنچ چکا ہے۔ گوادر کے عوام ایسے جھوٹے پروپیگنڈا پر بالکل توجہ نہ دیں، شہریوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، جسے وہ ہر حال میں پورا کرے گی۔ ہمیں بلوچستان اور گوادر کی ترقی کے لئے نوجوانوں کو تعلیم و ہنر سے بااختیار بنانے کی ضرورت ہے۔

متعلقہ خبریں