کوئٹہ پریس کلب واقعہ قابل مذمت، پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی پر سمجھوتا نہیں ہوگا، پی ٹی آئی
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)تحریک انصاف بلوچستان کے اسپیشل کمیٹی برائے اکاﺅنٹیبلٹی ڈسپلن سکیڈ کے سربراہ ڈاکٹر عمر خان بابڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف بلوچستان میں آئین و ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا، سزا و جزا کے بغیر کوئی تنظیم و جماعت کامیابی کے منازل طے نہیں کرسکتے، پارٹی میں آئین و ڈسپلن کی خلاف ورزی کر نے والوں کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔ یہ بات انہوں نے اتوار کو تحریک انصاف بلوچستان کے سیکڈ اسٹینڈنگ کمیٹی برائے اکاﺅنٹیبلٹی اینڈ ڈسپلن کے ممبران ایڈووکیٹ سلام آغا، شاکر مندوخیل، پی ٹی آئی کے صوبائی صدر داﺅد شاہ کاکڑ، جنرل سیکرٹری جہانگیر رند، مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری سردار خادم حسین وردگ، نوابزادہ شریف جوگیزئی، صوبائی سینئر نائب صدر خورشید کاکڑ، ڈسٹرکٹ کوئٹہ صدر نور خان خلجی، سابق رکن قومی اسمبلی منورہ منیر بلوچ، سید میر علی آغا کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی۔ ڈاکٹر عمر خان بابر نے کہا کہ سروے کے مطابق تحریک انصاف کا گراف 90 فیصد ہے، تحریک انصاف وہ واحد پارٹی ہے جسکا آئین بین الاقوامی سطح کا ہے، جو حقیقی معنوں میں جمہوری اقدار کی عکاسی کرتا ہے، ہم مرکزی وصوبائی قیادت اور پارٹی کے مشکور ہیں جنہوں نے ہم پر اعتماد کیا ہم اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے میرٹ کی بنیاد پر فیصلے کرتے ہوئے پارٹی کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی تنظیم، ادارہ اور جماعت اپنے مقاصد حاصل نہیں کرسکتے جب تک آئین اور آئین کی روشنی میں نظم و ضبط ڈسپلن سزا اور جزا کا نظام موجود نہ ہو، کوئی بھی عہدیدار، ممبر، سینئر قیادت پارٹی آئین سے بالاتر اور آزاد نہیں ہے کیونکہ پارٹی میں سزا و جزا، میرٹ، کارکردگی، سیاسی مبارزہ کی تکمیل پارٹی آئین و نظم و ضبط کے مرہون منت ہے، اسکے برعکس ذاتی مفادات، ترجیحات، اقربا پروری، نااہلیت اور اجارہ داری کا خاتمہ بھی آئین کی روشنی میں نظم وضبط سے منسلک ہے۔ انہوں نے کہا کہ سزا و جزا کے بغیر کوئی بھی ادارہ، تنظیم اور پارٹی کامیابی کی منازل طے نہیں کرسکتا۔ تحریک انصاف بلوچستان میں آئین و ڈسپلن پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ پارٹی ڈسپلن کی خلاف ورزی کی صورت میں آئینی کارروائی کی جائے گی۔ اس موقع پر پی ٹی آئی کے صو بائی صدر داﺅد شاہ کاکڑ نے کہاکہ پارٹی میں ڈسپلن کمیٹی بنائی گئی ہے، جس میں تین ممبران شامل ہیں، تینوں ممبران پاکستان کے آئین کو مد نظر رکھتے ہوئے کام کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ کوئٹہ پریس کلب میں پیش آنے والے واقعے کی مذمت کرتے ہیں، واقعے سے متعلق مرکزی قیادت کو آگاہ کردیا ہے، پارٹی نے ہمیشہ میڈیا کی آواز کو بلند کر نے کے لئے اپنا کر دارا دا کیا ہے۔