وزیراعلیٰ سندھ کی بی آر ٹی ریڈ لائن منصوبے پر دن رات کام کرنیکی ہدایت


کراچی(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی میں بی آر ٹی ریڈ لائن کے منصوبے پر دن رات کام کرنے کی ہدایت کر دی ہے . بی آر ٹی ریڈ لائن کے پروجیکٹ پر وزیراعلیٰ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ریڈ لائن پروجیکٹ کے ترقیاتی کام کی وجہ سے علاقے کے لوگ پریشان ہیں، میں چاہتا ہوں کہ پروجیکٹ پر کام تیز کیا جائے اور عوام کو ٹریفک جام کی صورتحال کا سامنا بھی نہ ہو .


اجلاس میں وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل میمن نے بتایا کہ لوٹ ون ملیر ہالٹ تا موسمیات جس کی پروگریس 9.46 فیصد ہے، اس پر کام تیزی سے جاری ہے جبکہ لوٹ ٹو موسمیات تا نمائش تک کی پروگریس 15.3 فیصد ہے .
شرجیل میمن نے وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا کہ یوٹیلیٹیز کی منتقلی کے باعث کام کی رفتار میں کمی آتی ہے، ریڈ لائن لوٹ ون پر کام مارچ 2026 اور لوٹ ٹو پر جون 2026 میں کام مکمل ہوگا . وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت کی کہ جناح ایوینیو کو دو ماہ کے دوران مکمل کر کے ٹریفک کے لیے کھول دیں .
وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لوٹ ون پر مکس ٹریفک لائنز ہیں جس سے عوام کو پریشانی ہے جبکہ کے فور کی لائن بی آر ٹی کے روٹ کے ساتھ جا رہی ہے . مراد علی شاہ نے واٹر بورڈ کو ہدایت کی کہ دن رات کام کر کے اپنی لائن بنا لیں اور بی آر ٹی پر بھی دن رات کام کروائیں، واٹر بورڈ کی جو بھی یوٹیلیٹیز کی شفٹنگ کرنی ہے وہ دو ہفتوں کے اندر مکمل کریں، مجھے بی آر ٹی ریڈ لائن وقت سے پہلے مکمل چاہیے .
اجلاس میں وزیراعلیٰ کو آگاہ کیا گیا کہ کے الیکٹرک کی کچھ یوٹیلیٹیز ری لوکیٹ ہونی ہیں، بی آر ٹی پروجیکٹ سے کے الیکٹرک کو یوٹیلیٹیز شفٹ کرنے کے لیے 80 فیصد رقم ادا کی گئی ہے . کے الیکٹرک نمائندے نے وزیراعلیٰ سندھ سے درخواست کی کہ رائٹ آو وے دیا جائے تو کیبلز شفٹ کر دیں گے، جس پر وزیراعلیٰ سندھ نے کمشنر کراچی کو ہدایت کی کہ کے الیکٹرک کو رائٹ آف وے دیں اور ایک ماہ میں کیبلز شفٹ کروائیں .
وزیراعلیٰ کی جانب سے سولڈ ویسٹ مینجمنٹ کو یوکے اپارٹمنٹ روڈ، عسکری پارک اور جیل چورنگی سے کچرا اٹھانے کی ہدایت کی گئی . مراد علی شاہ نے کہا کہ مجھے بی آر ٹی ریڈ لائن کے مسائل حل کرنے ہیں، ریڈ لائن کے مسائل حل ہونے سے محکمہ ٹرانسپورٹ کوریڈور پر کام تیز کرے گا .
اجلاس میں سینیئر وزیر شرجیل انعام میمن، پرنسپل سیکریٹری آغا واصف، کمشنر کراچی حسن نقوی، ایم ڈی سندھ سولڈ ویسٹ مینجمنٹ بوڈ، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، ڈی آئی جی ٹریفک، ڈائریکٹر کے الیکٹرک حارث صدیقی اور دیگر شریک ہوئے .

. .

متعلقہ خبریں