پنجاب؛ آئندہ 24 گھنٹوں میں بارشوں کا امکان، فلیش فلڈنگ کا خدشہ
لاہور(قدرت روزنامہ) پنجاب میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بارشوں کا امکان ہے جب کہ پی ڈی ایم اے کی جانب سے فلیش فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔مون سون بارشوں کی صورتحال، پنجاب کے دریاؤں، بیراجوں اور ڈیموں میں پانی کی سطح کے حوالے سے پی ڈی ایم اے کی جانب سے اعداد و شمار جاری کردیے گئے ہیں، جس میں بتایا گیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں میں صوبے کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشوں کا امکان ہے۔ ڈیرہ غازی خان، ملتان اور بہاولپور ڈویژنز میں فلیش فلڈنگ کا خدشہ ہے ۔
ترجمان کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں کے باعث 84 شہری جاں بحق، 224 زخمی اور 245 گھر متاثر ہوئے ہیں۔ زیادہ تر اموات آسمانی بجلی گرنے، کرنٹ لگنے، کچے گھر اور بوسیدہ عمارتوں کے گرنے سے ہوئیں۔ مون سون بارشوں کے باعث 44 مویشی بھی ہلاک ہوئے جب کہ 100 گھر مکمل اور145 جزوی طور پر متاثر ہوئے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق حکومتی پالیسی کے مطابق متاثرہ خاندانوں کی مالی معاونت کی جا رہی ہے۔ زخمیوں کو بہترین طبی امداد کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
دریائے سندھ میں تربیلا کالاباغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے جب کہ تونسہ میں درمیانے درجے کا سیلاب ہے۔ دریائے چناب، راوی، ستلج اور جہلم میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے۔ ڈیرہ غازی خان، رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاؤ نارمل ہے۔ نارووال نالہ بسنتر میں نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔
منگلا ڈیم میں پانی کی سطح 70 فیصد، تربیلا میں 99فیصد ہے۔ ستلج ، بیاس اور راوی پر قائم بھارتی ڈیمز میں پانی کی سطح 54 فیصد تک ہے۔ پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں 24 گھنٹے صورتحال کو مانیٹر کیا جا رہا ہے جب کہ ممکنہ سیلابی خطرے کے پیشِ نظر انتظامات مکمل ہیں۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے عرفان علی کاٹھیا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ موسم برسات میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ کچے مکانات اور بوسیدہ عمارتوں میں ہرگز رہائش پذیر نہ ہوں۔ خراب موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ بجلی کی تاروں اور کھمبوں سے دُور رہیں اور ہنگامی صورتحال میں پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر کال کریں۔