اسلام آباد(قدرت روزنامہ) اسلام آباد جلسے پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماؤں کے خلاف دہشت گردی کا مقدمہ درج کرلیا گیا .
اسلام آباد کے تھانہ نون میں پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا .
مقدمے کے متن کے مطابق پی ٹی آئی رہنما شعیب شاہین اور عامرمغل کی ہدایت پر روڈ بلاک کیا گیا اور پولیس پر ڈنڈوں اور پتھروں سے حملہ کیا گیا . مقدمہ انسداد دہشت گردی ایکٹ سمیت 11 دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے .
گزشتہ شب پولیس نے پارلیمنٹ ہاؤس کے اندر سے پی ٹی آئی کے متعدد رہنماؤں کو اسلام آباد جلسے کے حوالے سے بےضابطگیوں کے الزام میں گرفتار کیا تھا . گرفتار رہنماؤں میں شیر افضل مروت ، شیخ وقاص اکرم، عامر ڈوگر، زین قریشی، احمد چٹھہ، یوسف خان، جنوبی وزیرستان سے رکن اسمبلی زبیر خان اور دیگر رہنما شامل ہیں .