حکومت پرامن احتجاج پر حملہ آور، نتائج پریشان کن نظر آرہے ہیں، محمود اچکزئی

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں پُرامن احتجاج پر حکومت اپنے فسطائی جتھوں کے ساتھ حملہ آور ہے جس کی ہم شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں . اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ہم اس پُرامن احتجاج کو اب بلوچستان تک وسعت دیں گے اور یہ پرامن احتجاج 7 اکتوبر کو قلعہ سیف اللہ بلوچستان میں ہوگا .

انہوں نے کہاکہ اس سے پہلے میں نے اپنے جلسوں میں بار ہا حکمرانوں کو خبردار کیا تھا کہ عمران کو ضمانت پر رہا کیا جائے لیکن ہماری باتوں پر کسی نے سنجیدگی سے غور ہی نہیں کیا . اب عوام نے اپنا راستہ خود متعین کرنا شروع کردیا ہے جس کے نتائج مجھے کافی پریشان کن نظر آرہے ہیں . انہوں نے کہاکہ اب اس احتجاجی تحریک کا دائرہ کار مزید پھیلے گا اور اس ضمن میں قلعہ سیف اللہ کا عظیم الشان جلسہ 7 اکتوبر کو ہوگا . اس جلسے میں تحریک تحفظ آئین پاکستان میں شامل تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین شرکت کریں گے . محمود اچکزئی نے کہاکہ اس جلسے میں اسلام آباد کے موجودہ صورتحال سے بلوچستان کے عوام کو آگاہ کیا جائے گا، جلسے کے بعد آئندہ لائحہ عمل کے ساتھ آگے کا اپنا سفر جاری رکھیں گے . . .

متعلقہ خبریں