پی ٹی آئی ایک دہشتگرد جماعت ہے، جو بار بار اپنے ہی ملک پر حملہ آور ہوتی ہے: مریم نواز
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہےکہ پی ٹی آئی نہ سیاسی جماعت ہے، نہ تھی اور نہ ہوسکتی ہے ، میں ہمیشہ سے کہتی تھی ،آج حقیقت دُنیا کے سامنے آ گئی ہے۔
مریم نواز نے سوشل میڈیا پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی ایک دہشت گرد جماعت ہے، جو بار بار اپنے ہی ملک پر حملہ آور ہوتی ہے،ریاست ان کے ساتھ وہی سلوک کرے جو دہشت گردوں کے ساتھ کیا جاتا ہے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے بھیس میں تحریک انتشار کا واحد مقصد ملک میں آگ لگانا ہے۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ایکس پر اپنے بیان کے ساتھ زخمی پولیس اہلکار کی تصویر بھی جاری کی اور کہا کہ کانسٹیبل بلال لاہور میں تحریک انتشار کے وکلا کے پتھراؤ سے زحمی ہوئے ، کیا ایسی حرکت کوئی سیاسی جماعت کرسکتی ہے ؟ اوریہ پہلی بار نہيں ہوا۔
واضح رہے کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کے ہمراہ آئے پاکستان تحریک انصاف( پی ٹی آئی) کے کارکنان کی جانب سے ڈی چوک تک پہنچنے کی کوشش کی گئی تاہم پولیس نے شیلنگ کرکے مظاہرین کو پیچھے دھکیل دیا جبکہ پی ٹی آئی مظاہرین کی جانب سے بھی پولیس پر شیلنگ کی گئی۔