خیرپور: عدالت آنیوالے 3 افراد قاتلانہ حملے میں جاں بحق
خیرپور(قدرت روزنامہ) خیر پور میں ڈسٹرکٹ سیشن کورٹ کے قریب فائرنگ سے مقدمے کی سماعت کے لیے عدالت آنے والے 3 افراد جاں بحق ہو گئے۔
فائرنگ کا واقعہ خیر پور کے فائر بریگیڈ اسٹیشن روڈ پر پیش آیا ہے۔
واقعے کے فوری بعد جاں بحق ہونے والے 2 افراد کی لاشوں اور 1 شدید زخمی کو سول اسپتال منتقل کیا گیا تھا، جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شدید زخمی شخص نے بھی دم توڑ دیا۔
پویس کے مطابق تینوں افراد مقدمے کی سماعت پر عدالت جا رہے تھے، واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ ہے۔
پولیس نے مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے ناکہ بندی کر کے ان کی تلاش شروع کر دی ہے۔
ورثاء کا لاشیں نیشنل ہائی وے پر رکھ کر احتجاج
دوسری جانب خیرپور میں عدالت کے باہر قتل ہونے والے 3 افراد کی لاشوں کو ورثاء اور اہلِ خانہ نے نیشنل ہائی وے پر رکھ کر احتجاج کیا ہے۔
مظاہرین نے سڑک بلاک کر دی جس سے وہاں گاڑیوں کی طویل قطاریں لگ گئیں۔مظاہرین کا کہنا ہے کہ جب تک قاتلوں کو گرفتار نہیں کیا جاتا روڈ نہیں کھولیں گے۔
وزیرِ اعلیٰ نے نوٹس لے لیا
ادھر وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعے کا نوٹس لے لیا۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو حکم دیا ہے کہ قتل کے مجرموں کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا دی جائے۔