عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کی فائنل کال دے دی
بانی پی ٹی آئی نے 24 نومبر کو اسلام آباد نکلنے کی تاریخ دے دی، علیمہ خان
راولپنڈی(قدرت روزنامہ)بانی پی ٹی آئی عمران خان نے 24 نومبر کو اسلام آباد مارچ کی فائنل کال دے دی۔
عمران خان سے اڈیالہ جیل میں ملاقات کے بعد ان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ 8 فروری کو آپ انقلاب لے کر آئے تھے، آپ لوگ 8 فروری کو نکلے اور اپنا آئینی حق استعمال کیا، آپ نے اشرافیہ سے طاقت چھینی اور طاقتور بن گئے لیکن 9 فروری کو سارا مینڈیٹ چوری کرلیا گیا۔
علیمہ خان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ آپ کا چوری کیا گیا ووٹ گنے چنے لوگوں کو دے دیا گیا، سپریم کورٹ کی آزادی چھین لی گئی۔
علیمہ خان نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے کہا اپنے کسانوں، وکلاء، عوام سے مخاطب ہوں، پاکستان کے جس طرح حالات ہیں آپ کو نکلنا ہوگا، وکیلوں کی ذمہ داری بنتی ہے کہ سپریم کورٹ کے تحفظ کے لیے کھڑے ہوں، سول سوسائٹی نے باہر نکلنا ہے، یہ آپ کا مستقبل ہے، رول آف لاء، عدلیہ، جمہوریت اور چھینے گئے مینڈیٹ کے لیے نکلنا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ بانی پی ٹی آئی نے فائنل کال دے دی ہے، بانی نے 24 نومبر کو اسلام آباد نکلنے کی تاریخ دے دی ہے، ووٹرز، ایم این ایز، ایک ایک کارکن اورلیڈر شپ سے کہا ہے، یہ موقع ہے فیصلہ کرنا ہوگا، مارشل لاء میں رہنا ہے یا آزاد ہونا ہے۔