فتنہ اورانتشارپسندوں کا ساتھ نہ دینے پر پنجاب کے عوام کا شکریہ، مریم نواز
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو فتنہ اورانتشارپسند قراردیتے ہوئے پنجاب کےعوام کا احتجاجی مارچ میں ان کا ساتھ نہ دینے پر شکریہ ادا کیا ہے۔
بدھ کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے احتجاجی مارچ کے اختتام پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ ’فتنہ اورانتشارپسندوں کا ساتھ نہ دینے پرپنجاب کےعوام کا شکریہ ادا کرتی ہیں‘۔
وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے پنجاب بھرمیں تمام داخلی و خارجی راستوں کو کھولنے کا حکم دیتے ہوئے انتظامیہ کو اشیائے خورونوش کی فراہمی جاری رکھنے کے لیے اقدامات اٹھانے کی بھی ہدایت کی۔
وزیر اعلیٰ نے انتظامیہ کواشیائے ضروریہ کے نرخ کنٹرول کرنے کا بھی حکم دیتے ہوئے کہا کہ ’انتشارپسندوں‘ کی وجہ سے ہونے والی رکاوٹوں پرعوام کی تکالیف کا احساس ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت کو پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث عوام کو پہنچنے والی تکالیف اور پریشانی پر بے حد افسوس ہے۔