پاکستان اسٹاک ایکسچینج ایک لاکھ پوائنٹس کی تاریخی حد عبور کرگیا
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس ایک لاکھ پوائنٹس کا تاریخی سنگ میل عبور کرلیا ہے، 100 انڈیکس 1031 پوائنٹس اضافے کے بعد ایک لاکھ 332 پوائنٹس پر ٹریڈ کررہا ہے۔
گزشتہ 17 ماہ میں 100 انڈیکس 40 ہزار پوائنٹس سے ایک لاکھ پوائنٹس کا تاریخی اور نفسیاتی حد عبور کرتے ہوئے پاکستان اسٹاک ایکسچینج نے جمعرات کے ابتدائی کاروباری گھنٹے میں حصص کے کاروبار میں تیزی کا رجحان برقرار رکھا ہے۔
رواں ہفتے ماہرین کی جانب سے توقع کی جا رہی تھی کہ کاروباری ہفتے کے پہلے روز ہی 1 لاکھ کی حد عبور کر لی جائے گی لیکن سیاسی کشیدگی کے باعث منگل کے روز اسٹاک مارکیٹ کریش کر گئی تھی۔
اسٹاک مارکیٹ ماہر شہریار بٹ نے وی نیوز کو بتایا کہ پہلے ہی امید تھی کہ رواں ہفتے اسٹاک مارکیٹ 1 لاکھ کی حد عبور کر لے گی لیکن ملکی حالات کے باعث مارکیٹ کریش کر گئی تھی، لیکن حالات بہتر ہوتے ہی آج بالآخر یہ تاریخی دن نصیب ہوا کہ اسٹاک مارکیٹ 6 ہندسوں میں داخل ہو چکی ہے۔
شہر یار بٹ کے مطابق ملکی معیشت، کاروبار اور بیرونی سرمایہ کاروں کے لیے سیاسی استحکام اور پالیسیوں کا تسلسل بہت ضروری ہے، انہوں نے امید ظاہر کی کہ اسٹاک مارکیٹ میں تیزی کا موجودہ رجحان مزید برقرار رہے گا۔
محسن مسیڈیا کے مطابق سرمایہ کار اس وقت شیئرز کی خریدوفروخت میں دلچسپی لے رہے ہیں اور نگراں حکومت اور بعد میں موجودہ حکومت کے اٹھائے گئے اقدامات کا اثر ہے کہ اسٹاک مارکیٹ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کررہی ہے۔