مدارس کا معاملہ، جے یو آئی نے خیبرپختونخوا میں قانون سازی کیلئے پی ٹی آئی سے مدد مانگ لی

پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں بھی قانون سازی کیلئے سیاسی قیادت سے بات کریں گے، کامران مرتضیٰ کی اسد قیصر سے گفتگو


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)جمعیت علمائے اسلام ( جے یو آئی ) نے سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی بل کے تناظر میں دینی مدارس کے حوالے سے خیبرپختونخوا میں قانون سازی کیلئے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) سے مدد مانگ لی۔
جے یو آئی سینیٹر کامران مرتضیٰ کی پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر سے ملاقات ہوئی جس کے دوران سوسائٹیز رجسٹریشن ترمیمی بل پر پیدا شدہ صورتحال اور سیاسی امور پر مشاورت کی گئی۔
ملاقات کے دوران جے یو آئی کی جانب سے اِس بل کے تناظرمیں خیبرپختونخوا میں قانون سازی کیلئے مدد مانگی گئی جس پر اسد قیصر کا کہنا تھا کہ بتائیں پی ٹی آئی مدارس کے مسئلہ میں کیا مدد کرسکتی ہے؟۔
کامران مرتضیٰ کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی پہلے طے کر لے جے یو آئی کے ساتھ چلنا چاہتی ہے یا نہیں جبکہ جے یو آئی رہنما نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے جے یو آئی سے متعلق متضاد بیانات کی نشاندہی بھی کی۔
انہوں نے تجویز پیش کی کہ دینی مدارس سے متعلق خیرپختونخوا اسمبلی میں بھی قانون سازی کی جائے کیونکہ مرکز سے منظور ہونے والے بل کا دائرہ کار صرف اسلام آباد تک ہوگا۔
کامران مرتضیٰ کا مزید کہنا تھا کہ جے یو آئی پنجاب، سندھ اور بلوچستان میں بھی قانون سازی کیلئے سیاسی قیادت سے بات کرے گی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *