’شادی کے کارڈ چھپ چکے تھے‘، سلمان خان کیساتھ تعلق پر سنگیتا بجلانی نے خاموشی توڑ دی


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)بالی ووڈ اسٹار سلمان خان اور سابق مس انڈیا سنگیتا بجلانی کی پریم کہانی کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ 80 کی دہائی سے 90 کے اوائل تک، اس جوڑی کی ملاقاتیں اور طرح طرح کی باتیں خاصی مقبول رہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، سلمان اور سنگیتا نے ایک دوسرے سے 1986 میں ملنا شروع کیا اور ان دونوں کے درمیان تعلقات 8 سال تک قائم رہے، اس دوران ان کی شادی سے متعلق بھی خبریں زیر گردش رہیں۔
حال ہی میں انڈین آئیڈل 15 کی پروموشنل قسط جاری کی گئی جس میں شریک مناسی گھوش خصوصی مہمان سنگیتا بجلانی سے ان افواہوں سے متعلق سوال کرتی ہیں کہ جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ ان کی سلمان خان کے ساتھ شادی کے کارڈز چھپ چکے تھے لیکن بدقسمتی سے شادی نہیں ہوسکی تھی۔
اس سوال نے پروگرام کے ججز وشال ددلانی کو حیرت میں مبتلا کردیا اور انہوں نے شائقین کے ساتھ مل کر سنگیتا سے اس سوال کا جواب دینے کا مطالبہ شروع کردیا، جس پر سنگیتا بجلانی نے اس بات کا اعتراف کرلیا۔ سنگیتا نے کہا، ’جھوٹ تو نہیں تھا۔‘
واضح رہے کہ سلمان خان اور سنگیتا بجلانی کی پہلی ملاقات 80 کی دہائی میں ایک ٹیلی وژن کمرشل کی شوٹنگ کے دوران ہوئی جو رفتہ رفتہ دوستی میں بدل گئی۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ سلمان خان اور سنگیتا بجلانی کے درمیان دوستی اس قدر گہری ہوچکی تھی کہ ان کی شادی بھی طے ہوگئی تھی اور اس حوالے سے شادی کے کارڈ بھی چھپ چکے تھے جن میں شادی کی تاریخ 27 مئی 1994 لکھی گئی تھی، تاہم شادی نہیں ہو پائی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق، ان دونوں کے درمیان شادی پاکستانی امریکن اداکارہ سومی علی کی وجہ نہیں ہوسکی تھی کیونکہ سنگیتا نے شادی سے ایک ماہ پہلے سلمان کو 16 سالہ سومی علی کے ساتھ اس کے کمرے میں رنگے ہاتھوں پکڑ لیا تھا۔ بعدازاں، سومی نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے سنگیتا سے معافی مانگ لی تھی۔
سلمان سے بریک اپ کے بعد سنگیتا بجلانی نے کرکٹر اظہرالدین سے 1996 میں شادی کی تھی، تاہم ان دونوں کے درمیان 2019 میں طلاق ہوگئی تھی۔ اس تمام عرصہ میں سلمان اور سنگیتا ایک دوسرے رابطے میں رہے اور ایک دوسرے کی پارٹیز میں بھی شریک ہوتے رہے۔ سلمان اب 59 برس کے ہوچکے ہیں لیکن وہ آج بھی کنوارے ہیں۔