عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ، کیا پاکستان میں بھی پیٹرول اور ڈیزل مہنگا ہو رہا ہے؟


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میں جنوری 2025 کی دوسری ششماہی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 3 سے 5 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے کیونکہ عالمی سطح پر خام تیل کی قیمتیں 3 ہفتوں کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہیں۔ موسم سرما کے دوران رسد میں خلل اور توانائی کی بڑھتی ہوئی مانگ کے باعث قیمتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
عالمی مارکیٹ میں برینٹ کروڈ فیوچر 0.35 فیصد اضافے کے ساتھ 77.32 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا جو 3 ماہ کی بلند ترین سطح ہے۔ خام تیل میں ہفتہ وار مسلسل تیسری مرتبہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جو 3 سال کی کم ترین سطح پر آنے کے بعد پہلی بار ایسا ہوا ہے۔
تجزیہ کار عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اس اضافے کی وجہ وسیع تر معاشی غیر یقینی صورتحال سے زیادہ رسد میں خلل کے خدشات کو قرار دے رہے ہیں۔
ذرائع ابلاغ کے مطابق آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے نظر ثانی شدہ قیمتوں کی تجویز پیش کردی ہے جسے وزیراعظم شہباز شریف اور فنانس ڈویژن حتمی شکل دیں گے۔ منظوری کے بعد اپ ڈیٹ شدہ نرخ 16 جنوری سے نافذ العمل ہوں گے۔
یہ متوقع اضافہ جنوری 2025 کے آغاز میں ایندھن کی قیمتوں میں حکومت کی حالیہ ایڈجسٹمنٹ کے بعد ہوا ہے۔ پیٹرول کی قیمت میں 0.56 روپے کا اضافہ کیا گیا جس کے بعد قیمت 252.66 روپے فی لیٹر ہوگئی جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2.96 روپے کا اضافہ کیا گیا جو اب 258.34 روپے فی لیٹر ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *