اسلام آباد ایئرپورٹ پر لیبیا سے آنے والے 2 مسافروں سمیت 3 ملزمان گرفتار

ایک ملزم نے شناخت بدل کر بیرون ملک اسپین جانے کی کوشش کی، ایف آئی اے


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)ایف آئی اے امیگریشن نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر کارروائی کرتےہوئے لیبیا سے آنے والے 2 مسافروں سمیت 3 ملزمان کو حراست میں لے لیا۔
حکام کے مطابق حراست میں لیے گئے مسافروں کی شناخت فرحان اشرف، علی ذیشان اور تقی الحسن سجاد کے نام سے ہوئی۔ فرحان اشرف اور علی ذیشان نامی مسافروں نے یورپ جانے کے غرض سے ثاقب جج نامی ایجنٹ کو بھاری رقوم ادا کی۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق مسافروں نے ایجنٹ کے ذریعے فیصل آباد سے لیبیا براستہ دبئی اور مصر سفر کیا۔ لیبیا میں کچھ عرصہ قیام کے بعد ایجنٹس نے مسافر کو کشتی کے ذریعے اٹلی کی جانب بھجوانے کی کوشش کی۔ بعد ازاں مسافروں کو لیبیائی حکام نے حراست میں لے کر پاکستان واپس بھیج دیا۔
ایک اور کارروائی میں شناخت بدل کر بیرون ملک سفر کرنے والا مسافر گرفتار کر لیا گیا۔ گرفتار ملزم نے اشرف عباس کی شناخت استعمال کرتے ہوئے اسپین جانے کی کوشش کی۔ امیگریشن کلیئرنس کے دوران ملزم کو مشکوک پایا گیا۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم کا اصل نام تقی الحسن سجاد ہے جس نے اشرف عباس کی سفری دستاویزات استعمال کر کے بیرون ملک جانے کی کوشش کی۔
ملزمان کو مزید قانونی کارروائی کے لیے انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *