مستحق گھرانوں کو رعایتی قیمتوں پر اشیائے خوردنی فراہم کرنے کے منصوبے میں پیشرفت
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وفاقی حکومت کی جانب سے مستحق گھرانوں کو رعایتی قیمتوں پر اشیائے خوردنی فراہم کرنے کے منصوبے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے کہ احساس ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کے ڈیزائن کی منظوری دے دی گئی ، پروگرام کے تحت مستحق گھرانوں کو رعایتی قیمتوں پر اشیائے خوردنی فراہم کی جائیں گی۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشترکی زیرصدارت احساس ٹارگٹڈ سبسڈٰی پروگرام کی اسٹیئرنگ کمیٹی کا اجلاس ہوا ، اجلاس میں گورنر و ڈپٹی گورنر اسٹیٹ بینک ، صدر نیشنل بینک ، ایم ڈی یوٹیلٹی اسٹورز اور چیئرمین پاکستان ریونیوآٹومیشن لمیٹڈ نے شرکت کی۔
معلوم ہوا ہے کہ اجلاس میں کمیٹی نے احساس ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کی پالیسی پر عملدرآمد کا جائزہ لیا ، جس کے بعد احساس ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کے ڈیزائن کی منظوری دے دی گئی ، پروگرام کے تحت مستحق گھرانوں کو رعایتی قیمتوں پر اشیائے خوردنی فراہم کی جائیں گی۔
اس حوالے سے اظہار خیال کرتے ہوئے ڈاکٹر ثانیہ نے بتایا کہ پروگرام پر عملدرآمد کیلئے موبائل پوائنٹ آف سیل کا نظام تشکیل دیا گیا ، اسٹیئرنگ کمیٹی کا مقصد پروگرام کی پالیسی ، اس پر عملدرآمد اور کارکردگی کا جائزہ لیناہے ، جس کے تحت ہم اصل مستحق خاندان کوریلیف کی فراہمی یقینی بنائیں گے ، کیوں کہ پروگرام کا مقصد مستحقین کو رعایتی قیمتوں پر اشیائے خوردنی کی فراہمی ہے ، جس سے ملک بھرمیں لاکھوں گھرانے مستفید ہوں گے۔
دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ٹارگٹڈ سبسڈی کے وزیراعظم عمران خان کے اعلان کو قوم سے تازہ فریب ‘ جھوٹ اور فراڈ قرار دے دیا ، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ عمران صاحب کو صرف اپنا ، اپنے مافیا اور اے ٹی ایمز کا احساس ہے ، عوام کو آپ کا کوئی احساس پروگرام نہیں چاہیے ، عوام کو آپ کا کوئی ریلیف نہیں چاہیے کیوں کہ آپ کوئی ریلیف دینے کی صلاحیت نہیں رکھتے۔
ن لیگی ترجمان نے وزیراعظم پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آپ صرف اپوزیشن کو سزائے موت کی چکیوں میں ڈالنے کا احساس اور صلاحیت رکھتے ہیں ، آپ صرف میڈیا اور صحافیوں پہ حملے کا احساس اور صلاحیت رکھتے ہیں ، آپ صرف مافیا اور اے ٹی ایمز کی جیبیں بھرنے کا احساس اور صلاحیت رکھتے ہیں ، اس لیے قوم کو اب اس جھوٹی ‘ فراڈ اور کرپٹ حکومت کی کسی بات پر یقین نہیں ہے ، عمران صاحب استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔
