مجھے پارٹی سے کیوں نکالا گیا؟ شیر افضل مروت نے پی ٹی آئی سے معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سینیئر سیاستدان شیر افضل مروت نے پاکستان تحریک انصاف سے نکالے جانے پر معافی مانگنے کا مطالبہ کردیا۔
نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ پارٹی سے نکالنے سے قبل مجھے سنا نہیں گیا، تاہم پھر بھی فیصلے کو تسلیم کرتا ہوں اور 3 ماہ تک پارٹی کی کسی سرگرمی میں حصہ نہیں لوں گا۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان خود یہ کہہ چکے ہیں کہ مجھ سے بھی اگر کوئی غلط فیصلہ ہوتا ہے تو سوال اٹھایا جائے، لیکن اس وقت تو چغلی اور غیبت کی بنیاد پر فیصلے ہورہے ہیں۔
شیر افضل مروت نے کہاکہ اگر اس طرح کے فیصلے پارٹی میں ہونے ہیں تو ہمیں عدلیہ سے انصاف مانگتے ہوئے شرم آنی چاہیے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہاکہ میرے خلاف بیان بازی سے گریز نہ کیا گیا تو میں بھی باز نہیں آؤں گا، جو لوگ عمران خان کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگانے کی کوشش کررہے ہیں ان کی کارکردگی تین ماہ میں سامنے آجائےگی۔
انہوں نے کہاکہ آگے گلگت بلتستان کا الیکشن آرہا ہے، لیکن مجھے نہیں لگتا کہ موجودہ لیڈرشپ میں سے کوئی ان ذمہ داریوں سے نبرد آزما ہوسکے۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ عمران خان کو لیڈر مانتا ہوں، اگر انہوں نے قومی اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دینے کا کہا تو حکم پر لبیک کہوں گا لیکن میں یہ ان کے منہ سے سننا چاہتا ہوں۔
واضح رہے کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہدایت پر پاکستان تحریک انصاف نے شیر افضل مروت کو پارٹی سے نکال دیا ہے، جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کیا جا چکا ہے۔