’میں بھارت میں بھارت کو ہرانے آرہا ہوں‘، سنیل گواسکر نے عمران خان کا دلچسپ قصہ سنا دیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق بھارتی کرکٹر سنیل گواسکر کا ایک کلپ سوشل میڈیا پر وائرل ہورہا ہے جس میں انہوں نے سابق وزیراعظم اور بانی پی ٹی آئی عمران خان سے پرانی ملاقات کا ذکر کیا جس میں انہوں نے عمران خان کا بھارت آکر بھارت کو میچ ہرانے کا دلچسپ قصہ سنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان سے ان کی لندن میں ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ انگلینڈ کے دورے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہورہے ہیں جس پرعمران خان نے کہا آپ ریٹائر نہیں ہوسکتے۔
سنیل گواسکر نے عمران خان سے پوچھا کہ وہ کیوں ریٹائرمنٹ نہ لیں جس کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ ’اگلے سال پاکستان بھارت آئے گا اور میں نے اس بھارتی ٹیم کو ہرانا ہے جس میں آپ شامل ہوں‘۔
سابق بھارتی کرکٹر کا کہنا تھا کہ انہوں نے عمران خان سے کہا کہ پاکستان کرکٹ کھیلنے انڈیا نہیں آئے گا جس پر انہوں نے کہا کہ آئی سی سی اعلان کرنے والی ہے جس پر سنیل گواسکر نے کہا کہ اگر ایسا ہوا تو وہ ریٹائرمنٹ نہیں لیں گے اور وہی ہوا، آئی سی سی نے اعلان کردیا کہ پاکستان کرکٹ کھیلنے انڈیا جارہا ہے تو انہوں نے ریٹائرمنٹ نہیں لی۔
جس کے بعد پاکستان انڈیا میچ کھیلنے گیا اور 5 ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز پاکستان نے 0-1 سے جیت لی۔ صرف یہی نہیں بلکہ اس کے بعد 6 میچوں پر مشتمل ایک روزہ سیریز بھی کھیلی گئی اور وہ بھی پاکستان نے 1-5 سے جیتی، یوں پاکستان میں بھارت میں بھارت کو پہلی مرتبہ شکست دی اور عمران خان کی جانب سے کیا گیا دعویٰ بھی درست ثابت ہوا۔