پنجاب کابینہ نے تھرو سرکولیشن کالعدم جماعت سے پابندی اٹھانے کی منظوری دےدی

لاہور(قدرت روزنامہ)پنجاب کابینہ نے تھرو سرکولیشن کالعدم جماعت سے پابندی اٹھانے کی منظوری دے دی، کالعدم لفظ ختم ہونے کے بعد کارکنوں کے بلاک شناختی کارڈ اور بینک اکاؤنٹ بحال ہوجائیں گے . اس کے ساتھ ہی تمام کارکنوں کے نام فورتھ شیڈول سے نکل جائیں گے .

وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد پابندی اٹھانے کا نوٹیفکیشن جاری ہوگا . میڈیا رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز وزیراعلیٰ پنجاب نے محکمہ داخلہ کی بھجوائی گئی سمری کی ابتدائی منظوری دی تھی، وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد سمری صوبائی کابینہ کے وزرا کو بھجوائی گئی . وزیراعلیٰ پنجاب نے کالعدم جماعت کے ساتھ کالعدم کا لفظ ختم کرانے کیلئے کابینہ سے تھرو سرکولیشن منظوری لینے کا حکم دیا تھا . سمری کو کابینہ کے سامنے بذریعہ سرکولیشن پیش کیا گیا، محکمہ داخلہ نے صوبائی وزرا کو معاملے پر جلد سے جلد رائے یا منظوری دینے کی درخواست کی تھی . مزید بتایا گیا ہے کہ کابینہ ارکان کو خبردار کیا گیا تھا کہ اگر وزرا نے 3 روز میں رائے نہ دی تو تجاویز منظور سمجھی جائیں گی، منظوری کے بعد پابندی ہٹانے کی سفارشات وفاق کو بھجوا دی جائیں گی . تاہم آج نجی ٹی وی سٹی فورٹی ٹو کی رپورٹ میں بتایا گیا کہ پنجاب کابینہ نے کالعدم جماعت کے اوپر سے پابندی اٹھانے کی منظوری کے بعد سمری سے متعلق محکمہ داخلہ کو آگاہ کر دیا ہے . رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ سمری کی منظوری کے بعد کالعدم جماعت کے تمام کارکنوں کے بلاک شناختی کارڈ اور بینک اکاؤنٹس بھی بحال ہوجائیں گے، جبکہ کالعدم جماعت کے کارکنوں کے نام بھی فورتھ شیڈول سے نکل جائیں گے . سمری کی منظوری کے بعد پابندی ہٹانے کی سفارشات وفاق کو بھجوا دی گئی ہیں . . .

متعلقہ خبریں