بھارت میں گھس کر تباہی، سوشل میڈیا پر پاکستان کے مسیحی ایئرفورس افسر کامران بشیر کے چرچے


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان کی طرف سے بھارتی جارحیت کے جواب میں آپریشن کے دوران ایئر فورس کے ایک مسیحی افسر کی بہادری کے حوالےسے سوشل میڈیا پر اطلاعات زیرگردش ہیں۔

سوشل میڈیا سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق پاکستان ایئر فورس کے مسیحی پائلٹ گروپ کیپٹن کامران بشیر نے دشمن کی دفاعی حدود کو توڑتے ہوئے بھارت کے زیرِ قبضہ جموں و کشمیر میں واقع راجوری ایئربیس پر کامیاب حملہ کر کے تاریخ رقم کر دی۔
وہ بھارت کے فضائی دفاعی نظام کو سب سے پہلے عبور کرنے والے پاکستانی پائلٹ تھے جنہوں نے غیر معمولی مہارت، جرات اور حب الوطنی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دشمن کے اہم ترین فوجی مرکز کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔

یہ کارروائی پاکستان کی جانب سے جاری آپریشن بنیان المرصوص کا حصہ تھی، جس کے دوران کئی بھارتی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔
گروپ کیپٹن کامران بشیر کی قیادت میں ہونے والا یہ حملہ نہ صرف آپریشن کی کامیابی کا سنگ میل تھا، بلکہ اس نے پاک فضائیہ میں اقلیتوں کے فعال اور اہم کردار کو بھی دنیا کے سامنے اجاگر کیا۔
پاک فضائیہ کے اعلیٰ افسران اور عسکری قیادت نے گروپ کیپٹن کامران بشیر کی جرات مندانہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام قومی وحدت، مذہبی ہم آہنگی اور پاکستان میں اقلیتوں کے وقار کی روشن مثال ہے۔

WhatsApp
Get Alert