قیمت صرف 3 لاکھ روپے کلو! دنیا کا مہنگا ترین جامنی آم اب پاکستان میں دستیاب، خاصیت جانتے ہیں؟

کراچی (قدرت روزنامہ)ایک طرف جہاں بھارتی آم امریکا میں مسترد کیے جا رہے ہیں، وہیں پاکستان کے شہر کراچی میں دنیا کے نایاب اور مہنگے ترین آم کی کاشت جاری ہے۔
جاپانی نسل سے تعلق رکھنے والا یہ نایاب میازا کی آم اب کراچی کے علاقے ملیر میمن گوٹھ میں اگایا جا رہا ہے، جہاں اس کی قیمت تین لاکھ روپے فی کلو تک جا پہنچی ہے۔
یہ آم جاپان کے شہر میازاکی میں پہلی بار کاشت کیا گیا تھا اور اپنی چمکدار جامنی رنگت اور انتہائی میٹھے ذائقے کی وجہ سے عالمی شہرت رکھتا ہے۔
بین الاقوامی منڈی میں اس کی قیمت 800 سے 900 امریکی ڈالر فی کلو کے درمیان ہوتی ہے جو اسے دنیا کے مہنگے ترین پھلوں میں شامل کرتی ہے۔
پاکستان میں اس نایاب پھل کے سفر کا آغاز چھ سال قبل ہوا جب غلام ہاشم نورانی نامی ایک مقامی شہری نے جاپان سے اس آم کا پودا درآمد کیا۔
اس وقت سے لے کر اب تک وہ کامیابی سے اس پھل کو کراچی کی سرزمین پر اگا رہے ہیں اور اب یہی آم دو سے تین لاکھ روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے۔
اس درخت کی دیکھ بھال کرنے والے فہیم کے مطابق یہ آم خاص طور پر برآمدات کے لیے تیار کیا جاتا ہے۔ اُن کا کہنا ہے “یہ پاکستان میں پہلا اور واحد میازاکی آم کا درخت ہے اور یہ ملیر میں موجود ہے۔”
میازا کی آم اپنی گہری جامنی رنگت، رسیلے گودے اور بے مثال مٹھاس کے باعث سب سے منفرد مانا جاتا ہے۔ یہ آم ریشہ سے پاک، نہایت نرم اور خوشبودار ہوتا ہے جو منہ میں رکھتے ہی کریم کی طرح گھل جاتا ہے۔
اس آم کو اس کی خوبصورتی، معیار اور نایابی کے سبب عالمی سطح پر “ایگز آف سن شائن” (سورج کی کرن جیسے انڈے) اور “ڈائناسورز ایگ” (ڈائناسور کا انڈا) جیسے دلچسپ ناموں سے بھی جانا جاتا ہے۔
