’فیلڈ مارشل آپ کھڑے ہو جائیں‘، شہباز شریف کے اقدام پر آرمی چیف توجہ کا مرکز، تالیاں بج گئیں


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے آذربائیجان کے یوم آزادی پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہاں ترکیہ اور آذربائیجان کے ساتھ کھڑے رہنے کا اعلان کیا، وہیں انہوں پاک بھارت جنگ کے حالات کا تذکرہ بھی کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہاکہ بھارت نے جب پاکستان پر حملہ کیا تو ہم نے اس کا مؤثر جواب دیا، جس کی ساری حکمت عملی آرمی چیف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بنائی۔
وزیراعظم شہباز شریف نے بات کو جاری رکھتے ہوئے کہاکہ ہمارے آرمی چیف یہاں پر موجود ہیں۔ انہوں نے سید عاصم منیر کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ فیلڈ مارشل آپ کھڑے ہو جائیں میں آپ کا تعارف کرانا چاہتا ہوں۔
وزیراعظم شہباز شریف کے کہنے پر تقریب میں موجود فیلڈ مارشل عاصم منیر اپنی نشست پر کھڑے ہوگئے، اس موقع پر تقریب میں موجود افراد نے نہ صرف ان کو سراہا بلکہ ان کے لیے تالیاں بھی بجائیں۔
واضح رہے کہ حکومت پاکستان نے بھارت کو جنگی جنون کا منہ توڑ جواب دینے پر آرمی چیف جنرل عاصم منیر کو فیلڈ مارشل کے عہدے پر تعینات کردیا ہے، جبکہ ایئر چیف ظہیر احمد بابر کی مدت ملازمت میں بھی توسیع کردی گئی ہے۔
پاکستان کی مسلح افواج نے 10 مئی کو بھارت کی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیتے ہوئے دشمن ملک کے اندر گھس کر کارروائی کرتے ہوئے فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا، جس کے بعد بھارت کی درخواست پر سیز فائر کیا گیا جو اب تک برقرار ہے۔

WhatsApp
Get Alert