کھیل

پی ایس ایل نے آئی پی ایل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا،اگلا ایڈیشن کب شروع ہو گا؟شائقین ہو جائیں تیار

لاہور(قدرت روزنامہ) پی ایس ایل دنیا کی سب سے زیادہ تنخواہیں دینے والی لیگ بن گئی ، آئی پی ایل کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔۔۔گزشتہ ماہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائزز اجلاس میں اپنی بات نہ سنے جانے پر چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) رمیز راجہ سے ناراض ہو گئی تھیں اور ڈالر کے ریٹ اور دیگر معاملات پر عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا تھا اور اب ایک بار پھر فرنچائزز کے پی سی بی سے ناخوش ہونے کی خبر آ گئی ہے اور اب کی بار ان کی ناراضی کی وجہ پی ایس ایل کھیلنے والے کھلاڑیوں کی تنخواہ کی حد ہے۔پی ایس ایل فرنچائزز کا کہنا ہے کہ پی سی بی کی طرف سے کھلاڑیوں کی سیلری کی حد بہت زیادہ رکھی گئی ہے، اسے کچھ کم کیا جانا چاہیے تاکہ فرنچائزز کو اپنی مالی ذمہ داریوں میں کچھ آسانی ہو سکے۔

فرنچائزز نے پی سی بی سے درخواست کی تھی کہ پی ایس ایل پہلے ہی دنیا میں کھلاڑیوں کو سب سے زیادہ معاوضہ ادا کرنے والی لیگ ہے لہٰذا اس میں کچھ کمی لائی جائے ، تاہم ذرائع کے مطابق پی سی بی نے ان کی یہ درخواست مسترد کر دی ہے کیونکہ پی سی بی کا خیال ہے کہ معاوضہ زیادہ ہونے سے بہترین عالمی کھلاڑی پی ایس ایل کی طرف راغب ہوں گے لہٰذا اس میں کمی نہیں کی جائے گی۔واضح رہے کہ پی سی بی نے پی ایس ایل 7کے لیے کھلاڑیوں کی سیلری کی حد بڑھا کر 12لاکھ ڈالر مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔گزشتہ ایڈیشنز میں سیلری کی حد ساڑھے 9لاکھ ڈالر تھی۔ سیلری کی حد میں اس اضافے سے فرنچائزز پر مزید مالی بوجھ آ پڑا ہے جس پر تمام 6فرنچائزز کے مالکان نے پی سی بی سے مالی معاونت کی درخواست بھی کی تھی۔ پی ایس ایل کا ساتواں ایڈیشن متوقع طور پر آئندہ سال جنوری کے آخری ہفتے میں شروع ہو گا۔

متعلقہ خبریں