عمران خان اپنے زور بازو سے جیل سے نکلیں گے مغرب تو ان کی قید کی وجہ ہے: بیرسٹر عمیر نیازی

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی بیرسٹر عمیر نیاز ی کا کہنا ہے کہ عمران خان نے اگر جیل سے نکلنا ہے توانہیں اپنے زور بازو پر نکلنا ہوگا، مغرب کی وجہ سے ہی تو وہ جیل میں ہیں ورنہ پاکستان میں اتنا دم کسی میں نہیں جو اتنا عرصہ انہیں جیل میں رکھ سکے۔
ڈان نیوز کے پروگرام میں اظہار خیال کرتے ہوئے عمیر نیازی نے کہا کہ مغرب کی اسٹیبلشمنٹ نے ہی عمران خان حکومت کو چلتا کیا۔ اس اسٹیبلشمنٹ کے پاکستان کے حوالے سے مختلف عزائم ہیں، عمران خان مغرب کو وہ فیورز نہیں دیں گے جو انہیں چاہیئں۔
انہوں نے کہا عمران خان کے لیے اندرونی سپورٹ ہی اہمیت رکھتی ہے، اب بیٹے باپ سے ملنے کے لیے یہاں آ رہے ہیں۔ ان بچوں کو عمران خان نے ہی بتایا ہے کہ انہیں چند ماہ سے قید تنہائی میں رکھا گیا ہے۔ 22 بائیس گھنٹے قید تنہائی میں کسی قیدی کو رکھا جاتا ہے؟ وہ کسی سیاست کے لیے نہیں آرہے، نہ ہی وہ حسن نواز اور حسین نواز کی طرح بھاگ نہیں رہے۔ وہ بیٹے ہیں وہ باپ کے لیے آئیں گے۔
صحافی کے سوال کہ خرم دستگیر کہتے ہیں کہ عمران خان کے بیٹے جن کانگریس اراکین سے مل رہے ہیں وہ اسرائیل نواز ہیں کے جواب میں بیرسٹر عمیر نیازی نے کہا کہ صدر ٹرمپ بھی اسرائیل کے بڑے حامی ہیں تو ان سے کون کون نہیں مل آیا؟ کون کون نہیں ملنا چاہتا جہاں جس کے جو تعلقات ہوتے ہیں وہ استعمال کرتا ہے۔
عمران خان نے اگر جیل سے نکلنا ہے تو اپنے زور بازو پر مغرب کی وجہ سے نہیں کیونکہ انہی کی وجہ سے تو وہ جیل میں ہے ورنہ پاکستان میں اتنا دم کسی میں نہیں جو اتنے عرصے انہیں جیل میں رکھ سکے!@Dawn_News @BarristrUKNiazi @PTIofficial #InFocus pic.twitter.com/c0Usr5h4oU
— Nadia Naqi (@NadiaNaqi) July 25, 2025
خیال رہے عمران خان کے بیٹے قاسم اور سلیمان اپنے والد کی رہائی کے لیے شروع کی گئی مہم کے تحت امریکہ میں موجود ہیں جہاں انہوں نے اراکین کانگریس اور دیگر سیاسی و سفارتی شخصیات سے ملاقاتیں کی ہیں۔ قاسم اور سلیمان کی اس مہم پر پاکستان کے سیاسی و صحافتی حلقوں میں مباحثوں کا سلسلہ اپنے عروج پر ہے اور یہ امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ قاسم اور سلیمان جلد پاکستان کا بھی دورہ کرنے والے ہیں جہاں وہ اپنے اسیر والد عمران خان سے ملاقات کریں گے۔
