کراچی میں بارش کا سسٹم کل سے کمزور پڑجائے گا، 27 اگست سے پھر موسلادھار بارش کا امکان

کراچی(قدرت روزنامہ)شہر میں بارشوں کا سبب بننے والا مون سون سسٹم جمعہ کو کمزور پڑے گا، 27 اگست سے کراچی میں بارش کا نیا سسٹم داخل ہوگا، جمعرات کو اور تین روز کے دوران سب سے زیادہ بارش سرجانی میں ہوئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مون سون کے حالیہ بارشوں کا سبب بننے والے سسٹم کے اثرات جمعرات کو بھی شہر پر برقرار رہے، دوپہر کے وقت مطلع کہیں صاف اور کہیں جزوی اور مکمل ابرآلود رہا، تاہم سہ پہر کے بعد شہر کے مختلف علاقوں میں بارش کا سلسلہ شروع ہوا۔

اس دوران مضافاتی علاقوں گلشن معمار، احسن آباد، گلشن حدید سے شروع ہونے والا سلسلہ بعدازاں اورنگی ٹاؤن، گلشن اقبال، نارتھ کراچی، نیپا چورنگی، یونیورسٹی روڈ، ڈی ایچ اے، کلفٹن، صدر، کالا پل، اختر کالونی اور قیوم آباد سمیت دیگر علاقوں تک پھیلا، شہر کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش، پھوار اور بوندا باندی ہوئی۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جمعرات کو ہوئی بارش کے جاری اعداد و شمار کے مطابق سب سے زیادہ بارش گلشن حدید میں 18ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، سرجانی اور نارتھ کراچی میں 7 ملی میٹر، مسرور بیس 4، گلشن معمار 3.4، اولڈ ائیرپورٹ 2.6ملی میٹر، سعدی ٹاؤن میں 1.1 جبکہ یونیورسٹی روڈ پر 1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

تین روز کے دوران سب سے زیادہ بارش سرجانی ٹاؤن میں 219 ملی میٹر ریکارڈ ہوئی، کیماڑی میں 204، سعدی ٹاؤن میں 198.8، اورنگی ٹاؤن195.7، ناظم آباد 194.6، ائیرپورٹ اولڈ ایریا187، یونیورسٹی روڈ174.6، جناح ٹرمینل184.8، ڈی ایچ اے161.5، سُرجانی179.6، فیصل بیس177، گلشنِ معمار145.6، نارتھ کراچی158، مسرور بیس140، کورنگی میں 178.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔

چیف میٹرولوجسٹ کراچی امیر حیدر لغاری کے مطابق شہر بھر میں بارشوں کا سبب بننے والا مون سون سلسلہ آج (جمعہ کو کمزور ہوجائے گا جس کے بعد مزید تیز بارشوں کا امکان نہیں رہے گا البتہ ہفتے کو شہر کا مطلع مکمل ابرآلود جبکہ اتوار، پیر کو جزوی ابرآلود رہ سکتا ہے۔

ان کا مزید کہنا ہے کہ مون سون سسٹم کے اثرات کے سبب اگلے چند روز تک شہر کا موسم قدرے معتدل رہنے کی توقع ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات کراچی انجم نذیر ضیغم کے مطابق مون سون کے حالیہ سسٹم کے ختم ہونے کے بعد انتہائی قلیل وقت کے بعد ایک اور نیا سلسلہ 26 اگست سے دیہی سندھ کے تھرپارکر، مٹھی، عمرکوٹ جبکہ 27 اگست سے کراچی پر بارشوں کی صورت اثرانداز ہوسکتا ہے۔

ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق ابھی چونکہ سسٹم دور ہے اس وجہ سے اس حوالے سے قبل ازوقت یہ پیش گوئی کرنا مشکل ہے کہ یہ کراچی میں کتنی شدت کی بارشیں دے سکتا ہے تاہم آنے والے تین سے چار دن میں صورتحال زیادہ واضح ہوجائے گی۔

مون سون کے نئے سسٹم کے حوالے سے محکمہ موسمیات نے ایک ایڈوائزری بھی جاری کی ہے جس کے مطابق 23 اگست سے 27 اگست کے درمیان ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

جاری کردہ ایڈوائزری کے مطابق 23 اگست سے 26 اگست کے درمیان عرصے میں سندھ کے علاقوں مٹھی، تھرپارکر، عمرکوٹ اور میرپورخاص میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلاھار بارشوں کا امکان ہے۔27اگست کو کراچی سمیت دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشوں کا امکان ہے۔

WhatsApp
Get Alert