بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں جے یو آئی کی کامیابی یقینی ہے، کارکن تنظیمی صفوں کو منظم کریں، مولانا عبدالواسع
خضدار میں جے یو آئی کا عظیم الشان پاور شو جلد منعقد ہوگا — جماعت کا نظریہ وقتی مفاد نہیں بلکہ امتِ مسلمہ کے اتحاد کی علامت ہے

(ڈیلی قدرت کوئٹہ) امیر جمعیت علماء اسلام بلوچستان سینیٹر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ کوئٹہ کے بلدیاتی انتخابات میں جمعیت علماء اسلام کی کامیابی یقینی ہے، کارکن ابھی سے اپنی تنظیمی صفوں کو منظم کریں اور انتخابی مہم بھرپور انداز میں شروع کریں۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کے کارکن اپنے نظریے، استقامت اور عوامی خدمت کے جذبے سے سرشار ہیں، اور وہ جمعیت کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالنے کی ہر سازش کے خلاف مزاحمتی دیوار بن کر کھڑے ہوں گے۔
مولانا عبدالواسع نے اعلان کیا کہ بہت جلد خضدار کی سرزمین جالاوان پر جمعیت علماء اسلام ایک عظیم عوامی پاور شو کا انعقاد کرے گی جو صوبے کی سیاسی تاریخ کا نیا باب ثابت ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جے یو آئی کی بنیاد وقتی مفادات یا اقتدار کی خواہش پر نہیں بلکہ اس نظریے پر رکھی گئی ہے جس نے امت مسلمہ کو متحد رکھا۔ یہی نظریہ ہماری اصل پہچان، سرمایہ اور مشعلِ راہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ جے یو آئی نے اپنے کارکنوں کو جذباتی تحریکوں کے بجائے اصولوں پر استقامت اور وفاداری کا درس دیا ہے، یہی وجہ ہے کہ آج جمعیت کا کارکن پہاڑ کی طرح مضبوط اور چٹان کی طرح ثابت قدم ہے۔ “جو قومیں اصولوں پر سمجھوتہ کرتی ہیں وہ بکھر جاتی ہیں، لیکن نظریے پر قائم رہنے والے تاریخ میں امر ہو جاتے ہیں،” مولانا عبدالواسع نے کہا۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جمعیت علماء اسلام سے اس کا مینڈیٹ ایسے چھینا گیا گویا یہ کوئی نوزائیدہ جماعت ہو، حالانکہ یہ ایک صدی کی جدوجہد، قربانیوں اور عوامی خدمت کی وارث ہے۔ “اقتدار ان ہاتھوں میں دیا گیا جنہوں نے صوبے کو ترقی کی راہ سے ہٹا کر بحرانوں میں دھکیل دیا، عوام کے حصے میں صرف وعدے اور نااہلی آئی،” انہوں نے کہا۔
مولانا عبدالواسع نے مطالبہ کیا کہ جے یو آئی کو اس کا جائز مینڈیٹ واپس دیا جائے اور اقتدار اہل، دیانتدار اور بصیرت رکھنے والی قیادت کے سپرد کیا جائے تاکہ بلوچستان کو بداعتمادی اور بدانتظامی کے گرداب سے نکالا جا سکے۔
انہوں نے کہا کہ جمعیت کا پیغام واضح ہے — “ہم اصولوں پر کبھی سودہ نہیں کریں گے، نہ اقتدار کی لالچ میں نظریہ بیچیں گے۔ ان شاء اللہ وہ دن دور نہیں جب بلوچستان ایک بار پھر امن، ترقی اور خوشحالی کی راہوں پر گامزن ہوگا۔”
