رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ، کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی : وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی

پشاور(قدرت روزنامہ)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیرِ صدارت رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ سے متعلق ایک اہم اجلاس ہوا۔ وزیراعلی ہاؤس پشاور کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اجلاس کے دوران منصوبے پر سست پیش رفت پر وزیراعلیٰ نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام کو منصوبے کو فوری طور پر اسٹریم لائن کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ یہ منصوبہ غریب عوام کی تقدیر بدلنے کی صلاحیت رکھتا ہے، اس لیے اس پر پیش رفت میں تاخیر ناقابلِ قبول ہے۔
انہوں نے ہدایت کی کہ منصوبے کی تمام سرگرمیوں پر ٹائم لائنز اور پی سی ونز کے مطابق عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیر اعلی نے کہا کہ سو فیصد میرٹ کو یقینی بنایا جائے اور عوام کے ایک ایک روپے کے شفاف استعمال کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ یہ منصوبہ صوبے کی معیشت کو استحکام دے گا، روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا اور زرعی شعبے میں پائیدار ترقی کی بنیاد رکھے گا۔
اے پی پی ‘‘ کے مطابق اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ بین الاقوامی ادارے انٹرنیشنل فنڈ فار ایگریکلچر ڈویلپمنٹ کے تعاون سے جاری ہےجس کی کل لاگت 30 ارب روپے سے زائد ہے جس میں 58 فیصد فنڈنگ ایفاد کی جانب سے، 16 فیصد صوبائی حکومت اور 26 فیصد حصہ بنیفیشریز کا ہے۔یہ7سالہ منصوبہ ہے جس سے 43 لاکھ سے زائد افراد مستفید ہوں گے۔ منصوبہ بنیادی طور پر زرعی کاروبار (ایگری بزنس)، ہنرمندی کے فروغ (سکلز ڈویلپمنٹ)، روزگار کے مواقع اور پالیسی سپورٹ جیسے اہم شعبوں پر مرکوز ہے۔
بریفنگ کے مطابق ایگری بزنس جز کے تحت 550 پروفیشنل فارمر آرگنائزیشنز کے قیام کا ہدف مقرر ہے، اسی طرح سکلز ڈویلپمنٹ جز کے تحت 60 ہزار نوجوانوں کو تربیت اور روزگار کے مواقع فراہم کیے جائیں گے جن میں سے 20 ہزار نوجوانوں کو اب تک تربیت دی جا چکی ہے۔
وزیراعلیٰ نے اجلاس کے اختتام پر کہا کہ رورل اکنامک ٹرانسفارمیشن پراجیکٹ صوبے کے دیہی علاقوں کے لیے خوشحالی، خود انحصاری اور پائیدار ترقی کا سنگ میل ثابت ہوگا۔
