ہنہ اوڑک کے پانی کے بحران کا حل: کمشنر کوئٹہ کی زیر صدارت اہم اجلاس میں ترجیحی اقدامات کا فیصلہ
صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ کی شرکت؛ ڈیم کی تعمیر اور فنڈز کی فراہمی کو ترجیح دینے پر اتفاق

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت ) کمشنر کوئٹہ ڈویژن شاہزیب خان کاکڑ کی زیر صدارت ہنہ اوڑک کے عوام کو درپیش مسائل خصوصاً پانی کی فراہمی کے حل کے حوالے سے ایک اہم اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیرِ صحت بخت محمد کاکڑ، ڈپٹی کمشنر کوئٹہ مہراللہ بادینی، سیکیورٹی اور ایریگیشن کے افسران کے علاوہ ورلڈ بینک، 100 ڈیمز منصوبے کے حکام اور چیئرمین ہنہ کمیٹی رحمت اللہ نے شرکت کی۔
اجلاس میں ہنہ اوڑک کے عوامی مسائل، پانی کی بلا تعطل فراہمی، واٹر چینلز کی بہتری، زمینداروں کے خدشات، سولر ٹیوب ویل اور پائپ لائنوں کی تنصیب سمیت مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عوام کے خدشات کو دور کرنے اور پانی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے فنڈز کی فراہمی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے گا، اور اس سلسلے میں بالا حکام سے رابطہ کیا جائے گا۔
کمشنر کوئٹہ شاہزیب خان کاکڑ نے کہا کہ پینے کے پانی کی فراہمی ایک اہم عوامی مسئلہ ہے جس کے حل کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بارشوں کے پانی کو محفوظ بنانے اور زیرِ زمین پانی کی سطح کو بلند رکھنے کے لیے ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے تاکہ زرعی و باغبانی ضروریات کے لیے بھی پانی کی دستیابی ممکن ہو سکے۔ صوبائی وزیر صحت بخت محمد کاکڑ نے کہا کہ ہنہ اوڑک کے عوام کے پانی کے مسائل کے پائیدار حل کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھی جائیں گی اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لے کر اقدامات کیے جائیں گے۔
