“قطر کے امیر کا پاکستان دورہ کا اعلان؛ صدر زرداری سے ملاقات میں تعلقات مزید مضبوط بنانے کا عزم، دفاع اور زرعی تعاون بڑھانے پر اتفاق”
دوحہ: صدر آصف زرداری اور امیرِ قطر کے درمیان اہم ملاقات، قطر کو پاکستان کی کامیابیوں پر فخر کا اظہار

دوحہ (قدرت روزنامہ) صدر مملکت آصف علی زرداری نے دوحہ میں امیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی، جس کے نتیجے میں امیرِ قطر نے آئندہ سال کے اوائل میں دورہ پاکستان کا اعلان کیا۔ قطر کے دارالحکومت میں ہونے والی اس اہم ملاقات میں شیخ تمیم بن حمد الثانی نے پاکستان کی کامیابیوں پر فخر کا اظہار کیا اور پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے ان کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کی خواہش ظاہر کی۔

صدرِ مملکت آصف زرداری نے امیرِ قطر کو حکومتِ پاکستان اور عوام کی جانب سے نیک تمناؤں کا پیغام پہنچایا اور دونوں رہنماؤں نے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔ امیرِ قطر نے پاکستان-سعودی عرب دفاعی معاہدے کو خوش آئند اور بروقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان منفرد حیثیت رکھتا ہے جو چین، مغرب اور خلیجی ممالک سے بیک وقت تعلقات رکھتا ہے۔

صدر زرداری نے امیر قطر کو دونوں ممالک کے مابین دفاع، دفاعی پیداوار، زراعت اور غذائی تحفظ میں تعاون بڑھانے کی تجویز دی، جس پر امیرِ قطر نے رضامندی ظاہر کرتے ہوئے فوری رابطوں کی ہدایت کی۔ اس موقع پر صدر زرداری نے دوحہ مذاکرات کی میزبانی اور افغانستان سے متعلق قطر کے کردار کو سراہا۔ امیرِ قطر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور افغانستان موجودہ مسائل حل کر لیں گے۔ ملاقات میں چیئرمین پیپلز پارٹی و سابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور پاکستانی سفیر بھی موجود تھے۔
