لیاقت علی لہڑی کا کوئٹہ کے گرلز اسکول کا دورہ، طالبات کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)رکن صوبائی اسمبلی اور پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت علی لہڑی نے گورنمنٹ گرلز ہائی اسکول سیٹلائٹ ٹاؤن کا اچانک دورہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے مختلف کلاس رومز کا معائنہ کیا اور طالبات سے ان کے تعلیمی حالات اور مسائل کے بارے میں دریافت کیا۔
میر لیاقت علی لہڑی نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسکول میں بینچز کی عدم فراہمی کے باعث طالبات سرد موسم میں زمین پر بیٹھ کر تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ اس کے علاوہ اسکول میں گیس اور پانی کی شدید قلت بھی تعلیمی ماحول کو متاثر کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم قوم کی ترقی کی بنیاد ہے، اس لیے اسکولوں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے۔
دورے کے دوران میر لیاقت لہڑی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ گیس، پانی اور فرنیچر کی فراہمی کے مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے تاکہ طالبات کو بہتر تعلیمی ماحول میسر آسکے۔ اسکول کی پرنسپل میڈم نسیمہ ملغانی، میڈم نگہت قادر مگسی اور اسکول کمیٹی کے رکن ارمان اچکزئی بھی موجود تھے۔ اسکول انتظامیہ نے میر لیاقت لہڑی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی خصوصی توجہ سے اسکول کے مسائل جلد حل ہونے کی امید پیدا ہوئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert