پشتون افغان قوم کے خلاف دشمنی زبان، کلچر اور جغرافیہ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے، اصغر خان اچکزئی

چمن (قدرت روزنامہ) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پشتون افغان قوم کے خلاف دشمنی کسی سیاسی یا نظریاتی بنیاد پر نہیں بلکہ زبان، کلچر اور جغرافیہ کی بنیاد پر کی جا رہی ہے، جو ایک گہری سازش ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سنگین صورتحال پر بحیثیت قوم سنجیدگی سے غور و فکر کرنے کی ضرورت ہے۔ وہ شہداء ہاؤس مردہ کاریز چمن میں عوامی نیشنل پارٹی ضلع چمن کے زیرِ اہتمام ضلعی کونسل کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے، جس کی صدارت ضلعی صدر عبدالخالق حقمل نے کی۔
اجلاس میں صوبائی جنرل سیکریٹری مابت کاکا، صوبائی نائب صدر جمال الدین رشتیا، مرکزی کمیٹی کے رکن ڈاکٹر عبدالصمد اچکزئی، صوبائی ترجمان ولی داد میانی، صوبائی سیکریٹری برائے انسانی حقوق اولس یار خان ایڈووکیٹ، خان امان اللہ اچکزئی اور سمیع اللہ خان اچکزئی سمیت دیگر رہنماؤں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں 23 نومبر کو کچلاک ہائی اسکول گراؤنڈ میں شہداء وطن کی یاد میں منعقد ہونے والے بڑے جلسہ عام کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی شہداء وطن کی لازوال قربانیوں کی وارث ہے، جنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر باچا خان بابا کے افکار کو زندہ رکھا۔ انہوں نے کہا کہ شہید خان جیلانی اچکزئی، شہید اسد خان اچکزئی اور دیگر رہنماؤں کی قربانیاں پارٹی کے نظریاتی وجود کو مضبوط بناتی ہیں۔ آج فکرِ باچا خان نہ صرف زندہ ہے بلکہ سیاسی و قومی شعور کو نئی جہتیں دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پشتون افغان وطن اس وقت سنگین حالات سے دوچار ہے، اور ان چیلنجز کا مقابلہ صرف ایک منظم اور نظریاتی جماعت ہی کر سکتی ہے۔ عوامی نیشنل پارٹی وہ واحد جماعت ہے جو باچا خان کے عدم تشدد اور قومی خودمختاری کے فلسفے کی عملی ترجمان ہے۔
دیگر مقررین نے کہا کہ پشتون قومی تحریک صدی سے زائد جدوجہد، قربانیوں اور فکری استقامت کی علامت ہے۔ شہداء کی قربانیاں ہم پر قرض ہیں، جنہیں کسی صورت فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ مقررین نے کارکنان پر زور دیا کہ وہ باچا خان کے فلسفے کو عوام تک پہنچائیں اور تنظیمی نظم و ضبط کو مزید مضبوط کریں تاکہ پشتون قوم کے اجتماعی مفادات کا مؤثر دفاع کیا جا سکے۔
اجلاس کے اختتام پر شہداء وطن کے درجات کی بلندی کے لیے قرآن خوانی کی گئی اور عہد کیا گیا کہ عوامی نیشنل پارٹی باچا خان بابا کے نظریات اور شہداء کی قربانیوں کو عملی شکل دینے کے لیے اپنی سیاسی و قومی جدوجہد جاری رکھے گی۔
