سوئی سدرن گیس کمپنی مافیا بن چکی ہے، یونٹس میں ہیرا پھیری، غیر ضروری جرمانوں اور میٹر بندش کے ذریعے عوام سے جینے کا حق چھین رہی ہے — پشتونخواملی عوامی پارٹی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی نے سوئی سدرن گیس کمپنی کی ناکامی، غفلت اور مبینہ کرپشن پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کمپنی ایک منظم مافیا بن چکی ہے جو عوام کو گیس فراہم کرنے کے بجائے بھاری بلز، یونٹس میں ہیرا پھیری، غیر ضروری جرمانوں اور میٹر بندش کے ذریعے عوام سے جینے کا حق چھین رہی ہے۔ پارٹی کے بیان میں کہا گیا کہ عدالت عالیہ کی حکم عدولی، مصنوعی گیس بحران، کم پریشر، رات بھر لوڈشیڈنگ اور چھوٹے کارخانوں میں گیس چوری کے نام پر مکمل بندش عوام دشمن اقدامات ہیں جنہیں کسی صورت قبول نہیں کیا جا سکتا۔ پارٹی نے واضح کیا کہ سابقہ تمام اجلاسوں، ملاقاتوں اور پارلیمانی فورمز پر کمپنی کو نئے کنکشنز، پائپ لائنوں اور وسائل فراہم کرنے کے باوجود کوئٹہ، زیارت، پشین اور مستونگ کے عوام مسلسل گیس سے محروم ہیں، جس کے باعث زیارت سمیت کئی علاقوں میں قیمتی جنگلات اور صنوبر کے درخت کاٹنے پر لوگ مجبور ہو رہے ہیں۔ بیان میں مطالبہ کیا گیا کہ گیس پریشر فوری بحال کیا جائے، مصنوعی بحران ختم کیا جائے، گیس سے محروم اضلاع کو فوری گیس فراہم کی جائے اور کمپنی کے اندر موجود مافیا کے خلاف سخت تحقیقات و کارروائی عمل میں لائی جائے۔
