نام نہاد پارلیمنٹ سے ملک کے متفقہ فیڈرل آئینی ڈھانچے کی تبدیلی کی جارہی ہے،پشتونخواملی عوامی پارٹی

کوئٹہ (قدرت روزنامہ)پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں برصغیر پاک وہند اور پشتونخوا وطن کے عظیم سالار عبدالصمد خان اچکزئی کے شہادت کی 52ویں برسی پشتونخوا وطن، ملک کے مختلف شہروں اور بیرون ملک 2دسمبر 2025بروز منگل کو نہایت عقیدت واحترام کے ساتھ منائی جائیگی اور اس سلسلے میں مرکزی جلسہ عام صادق شہید کاسی فٹ بال گرانڈ کوئٹہ میں منعقد ہوگا۔ جلسہ عام سے پشتونخوامیپ کے چیئرمین وتحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ محمود خان اچکزئی، اتحاد میں شامل مرکزی قائدین اور پارٹی کے مرکزی وصوبائی رہنما خطاب فرمائینگے۔ مرکزی سیکرٹریٹ کے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ جلسہ عام میں خا ن شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی سیاسی بصیرت، وطن دوستی اور قوم پروری کے عظیم نظریات، جدوجہد، لازوال قربانیوں پر انہیں زبردست خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ آزادی کے عظیم سالار کی52ویں برسی ایسے حالات میں منائی جارہی ہے کہ ایک جانب فارم47کے نام نہاد غیر منتخب اسمبلی ممبران اور ان کے نام نہاد پارلیمنٹ سے ملک کے متفقہ فیڈرل آئینی ڈھانچے کی تبدیلی کی جارہی ہے اور دوسری جانب پہلے سے ہمہ جہت بحرانوں سے دوچار ملک اور ان کے بحرانوں کو مزید گہرے کیئے جارہے ہیں۔ ملک میں سیاسی عدم استحکام مزید بڑھ گیا ہے، ملک کی اعلی عدلیہ سپریم کورٹ، ہائیکورٹ کی حیثیت اور ان کے آئینی اختیارات کا خاتمہ کیا جارہا ہے۔ صوبائی خودمختاری اور بنیادی انسانی حقوق کا اختیار ان سے لے لیا گیا ہے اور میڈیا کی آزادی سلب ہوئی ہے۔اورگزشتہ دنوں 27ویں آئینی ترمیم کو پارٹی کھلی طور پر مسترد کرتی ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ ملک اور ہمارے صوبے میں بجلی، گیس، پینے کا صاف پانی نایاب، انٹرنیٹ کی سہولیات واپس لینا بین الاقوامی قوانین کی سخت ترین خلاف ورزی تسلسل سے جاری ہے۔ جس سے زندگی کے مختلف شعبہ جات اور بالخصوص شعبہ تعلیم سخت ترین متاثر ہوئی ہے۔ تمام ملک میں امن وامان کی ابتر صورتحال، دہشت گردی اور تمام ملک خصوصا کراچی میں پشتونوں کے خلاف جاری ناروا سلوک اور صوبے میں افغانستان اور ایران کے ساتھ تجارت پر پابندی اور پشتونوں کے معدنی خزانوں پر قبضے اور انتقالات کی غیر آئینی،غیر قانونی کارروائیاں جاری ہے۔ مسلط حکومت اور ان کے غیر آئینی اقدامات،ترمیمات کے خلاف اور ملک کی تشکیل نو اور فارم47کے مسلط حکومت کے خاتمے کے تحریک کا آغاز ہوگی۔ بیان میں تمام غیور، جمہوریت پسند،قوم دوست، وطن دوست اور ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے عوام سے 2دسمبر بروز منگل صادق کاسی شہید فٹ بال گرانڈ میں دوپہر 1بجے منعقد ہونیوالے جلسہ عام میں شرکت کی اپیل کی گئی ہے۔
