بلوچستان کی سرزمین ہنر اور قوت تخلیق سے مالا مال ہے، مکران آرٹ پروموٹرز کو مزید تعاون فراہم کریں گے، ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ

تربت (ڈیلی قدرت) مکران آرٹ پروموٹرز بلوچستان کے زیراہتمام گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج تربت کے ہال میں “رنگِ بلوچستان” کے عنوان سے ایک روزہ مصوری نمائش کا انعقاد کیا گیا، جس نے بلوچستان کی ثقافت، ماحول، تاریخ اور فنکارانہ رنگوں کو خوبصورت انداز میں پیش کیا۔نمائش میں بلیدہ ضلع کیچ کے سینئر آرٹسٹ شریف قاضی اور ضلع پنجگور کے معروف آرٹسٹ و کالج کے پروفیسر حفیظ گوہرجی کے فن پارے شامل تھے، جنہیں خصوصی طور پر اس تقریب کے لیے منتخب کیا گیا تھا۔ ان فن پاروں نے بلوچستان کی سرزمین، معاشرت، احساسات، فطری مناظر اور ثقافتی پہچان کو مثر انداز میں اجاگر کیا۔افتتاحی تقریب کا آغاز سابق وزیراعلی بلوچستان اور تربت سے رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے فیتہ کاٹ کر کیا۔ اس موقع پر مکران کے کالجز کے ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر سر برکت اسماعیل اور اسسٹنٹ ڈویژنل مانیٹرنگ آفیسر شریف شمبے زئی بھی موجود تھے۔ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کی سرزمین ہمیشہ سے ہنر اور قوتِ تخلیق سے مالامال رہی ہے اور اس نمائش نے اس حقیقت کو ایک بار پھر ثابت کر دیا۔ انہوں نے ایم پی اے فنڈز کے ذریعے مکران آرٹ پروموٹرز بلوچستان کو مزید تعاون کی یقین دہانی کرائی تاکہ اس نوعیت کی تقریبات کا تسلسل برقرار رکھا جا سکے۔نمائش میں گرلز کالج اور ڈیلٹا اسکول کی متعدد طالبات نے بھی شرکت کی، مختلف فن پاروں کا قریب سے مشاہدہ کیا اور آرٹسٹ سے مصوری کی تکنیک، رنگوں کے استعمال اور visual storytelling کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔سر برکت اسماعیل بلوچ نے میڈیا نمائندوں کو بتایا کہ یہ نمائش نہ صرف تفریح اور جمالیاتی ذوق کی تسکین کا ذریعہ ہے بلکہ نوجوان نسل کے لیے آرٹ کی اہمیت اور فنونِ لطیفہ سے آگاہی کا عملی موقع بھی فراہم کرتی ہے۔ نمائش شام پانچ بجے تک جاری رہی، اور منتظمین نے مستقبل میں مکران کے مختلف شہروں میں ایسی سرگرمیوں کے انعقاد کا عندیہ دیا۔اس موقع پر آرٹسٹ شریف قاضی نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو ایک خوبصورت پینٹنگ تحفے میں پیش کی۔
