ملک میں آئینی مارشل لا نافذ ہے، 2 دسمبر کا جلسہ سیاسی تاریخ میں سنگ میل ثابت ہوگا، عبدالقہار خان ودان


کوئٹہ (ڈیلی قدرت) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عبدالقہار خان ودان نے پشتونخوا ایس او ضلع کوئٹہ کے توسیعی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2 دسمبر کو خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی 52 ویں برسی کے موقع پر منعقد ہونے والا تاریخی جلسہ عام ملک کی سیاسی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں ایک آئینی مارشل لا نافذ ہے اور 26 ویں اور 27 ویں غیر آئینی ترامیم کے ذریعے ملک میں آئین کی بالادستی، پارلیمنٹ کی خودمختاری، جمہوریت کی حکمرانی، آزاد عدلیہ اور میڈیا کی جدوجہد کو طاقت کے ذریعے ختم نہیں کیا جا سکتا۔ 8 فروری 2024 کے انتخابات میں بڑے پیمانے پر دھاندلی اور جعلی قیادت و قانون سازی نے ریاست کی بنیادوں کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔عبدالقہار خان ودان نے مزید کہا کہ ایسے مشکل حالات میں تحریک تحفظ آئین پاکستان کے اکابرین 2 دسمبر کے تاریخی جلسہ عام سے خطاب کریں گے جبکہ تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور پشتونخواملی عوامی پارٹی کے چیئرمین ملی مشر محمود خان اچکزئی ملکی، بین الاقوامی اور خطے کی موجودہ صورتحال پر اہم خطاب فرمائیں گے۔انہوں نے پشتونخوا سٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے تمام کارکنان اور تنظیمی اداروں سے اپیل کی کہ وہ جلسہ عام میں بھرپور شرکت اور کامیابی کے لیے اپنی تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں اور اپنا تاریخی سیاسی و جمہوری کردار ادا کریں۔اجلاس کی صدارت پشتونخوا ایس او ضلع کوئٹہ کے ضلع سیکرٹری یار محمد بریال نے کی۔ اجلاس سے پشتونخوا ایس او کے مرکزی مالیات آرگنائزر محمود اچکزئی، زونل آرگنائزر وارث افغان، سینئر آرگنائزر مزمل شاہ وطن یار اور یار محمد بریال نے خطاب کیا۔ اجلاس کی کارروائی ضلع سینئر معاون واسع سنزر نے سرانجام دی۔ اجلاس میں پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کبیر افغان اور PSO کے دیگر رہنما بھی شریک تھے۔

WhatsApp
Get Alert