سیاسی ہم آہنگی صوبے کے مستقبل کی ضمانت ہے، ترقی اور امن کے ایجنڈے پر تمام اتحادی یکجا ہیں، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ کوئٹہ میں ایک اہم اور بڑی بیٹھک منعقد ہوئی جس میں تمام اتحادی جماعتوں کی اعلیٰ صوبائی قیادت اور اراکین اسمبلی نے شرکت کی۔ اجلاس میں گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی، اسپیکر عبدالخالق اچکزئی اور ڈپٹی اسپیکر غزالہ گولہ نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
اس کے علاوہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر میر سلیم خان کھوسہ، پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر سردار عمر گورگیج، بلوچستان عوامی پارٹی کے پارلیمانی لیڈر نوابزادہ طارق مگسی، میر صادق سنجرانی اور اے این پی کے انجینئر زمرک خان اچکزئی بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں بلوچستان کی سیاسی صورتحال، امن و امان اور جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اتحادی قیادت نے صوبائی حکومت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے سیاسی استحکام کے لیے مل کر آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا۔ شرکاء نے بلوچستان میں قیام امن کے لئے حکومتی اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مزید بہتری کی تجاویز بھی دیں۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار تیز کرنے اور گڈ گورننس کے قیام کے لیے مشترکہ حکمت عملی پر اتفاق کیا گیا اور ترقیاتی و فلاحی اقدامات کے ثمرات عام آدمی تک پہنچانے کی حکمت عملی تشکیل دی گئی۔
اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ سیاسی ہم آہنگی اور مضبوط پارلیمانی رابطے صوبے کے مستقبل کی ضمانت ہیں، تمام اتحادی سیاسی جماعتوں کی تجاویز خوش آئند ہیں اور مشترکہ وژن ہی ہماری اصل قوت ہے۔ گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ صوبے میں امن اور ترقی کے ایجنڈے پر یکجہتی خوشگوار سیاسی ماحول کی عکاسی ہے۔
