کوئٹہ ‘ کسٹم چوک فلائی اوور کی سست روی سے ٹریفک جام معمول بن گیا، حکام نوٹس لیں، شہری

تعمیراتی کام جلد مکمل کر کے عوام کو اذیت سے نجات دلائی جائے، عوامی حلقے


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کوئٹہ کے مصروف ترین مقام کسٹم چوک پر زیرِ تعمیر فلائی اوور کا کام مسلسل سست روی کا شکار ہے، جس کے باعث شہریوں کی مشکلات میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے۔ یہ اہم منصوبہ شہر میں ٹریفک کے بہا کو بہتر بنانے کیلئے شروع کیا گیا تھا، مگر اس کی تاخیر نے روزمرہ کے معمولات بری طرح متاثر کر دیئے ہیں۔
فلائی اوور کی تعمیر کے باعث کسٹم چوک اور ملحقہ سڑکوں پر روزانہ کی بنیاد پر شدید اور طویل ٹریفک جام دیکھنے میں آتا ہے۔ شہریوں کے مطابق تعمیراتی رفتار نہایت سست ہے اور بعض اوقات کئی دن تک کوئی کام ہوتا ہوا نظر نہیں آتا۔شہریوں نے شکایت کی ہے کہ ٹریفک جام کے باعث مریضوں، دفتر جانے والوں اور طلبہ کو وقت پر اپنی منزل تک پہنچنا مشکل ہو چکا ہے۔
دوسری جانب متبادل راستوں پر بھی بے ہنگم ٹریفک اور سڑکوں کی خراب حالت نے عوام کی پریشانی میں اضافہ کر رکھا ہے۔سڑک کنارے تعمیراتی سامان، کھدائی اور مٹی کے ڈھیر عوام کیلئے دقت کا باعث ہیں، جبکہ مٹی کی دھول سے کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ مقامی تاجروں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے میں خصوصی دلچسپی لیتے ہوئے کام کی رفتار تیز کرائی جائے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ مسئلہ مزید سنگین ہوسکتا ہے۔ فلائی اوور کی جلد تکمیل نہ صرف ٹریفک کے مسائل کو کم کرے گی بلکہ شہر کی مجموعی ترقی میں بھی اہم کردار ادا کرے گی۔ حکام سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ تاخیر کے اس مسئلے پر فوری توجہ دے کر منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرائیں۔

WhatsApp
Get Alert