ملک پر غیر اعلانیہ مارشل لا مسلط ہے، انصاف اور قانون کا قتلِ عام ہو رہا ہے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی


کوئٹہ ( ڈیلی قدرت ) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے صوبائی سیکریٹریٹ کے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ ضلع پشین میں بیادِ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی 52 ویں برسی اور پشتون قومی تحریک کے رہنما میرا خان مندوخیل کی 34 ویں برسی کی مناسبت سے منعقد ہونے والی کامیاب، شاندار اور تاریخی ضلعی کانفرنس نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ عوام کا اعتماد آج بھی پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے نظریے، جدوجہد اور قومی بیانیے کے ساتھ مضبوطی سے قائم ہے۔ بیان میں ضلع پشین کے نو منتخب ضلعی ایگزیکٹو کے تمام عہدیداران، خصوصا ضلع ایگزیکٹو سیکریٹری محمود ریاض، سینئر معاون سیکریٹری سردار فیصل خان ترین، معاون سیکریٹریان جلیل باچا، نصیب اللہ کلیوال، ڈاکٹر حیات اللہ، پیر حمد اللہ، سید شمس آغا، انور وحدت، ملک عزیز کاکڑ، عظیم تارن اور سمیع اللہ بازئی کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کی گئی اور ان سے توقع ظاہر کی گئی کہ وہ پارٹی کی تنظیمی و نظریاتی بنیادوں کو مزید مستحکم کریں گے۔نو منتخب ایگزیکٹیو سے پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین خوشحال خان کاکڑ نے حلف لیا۔ پریس ریلیز میں کہا گیا کہ ضلعی کانفرنس کی تیاریوں کا سلسلہ گزشتہ دو ماہ سے مسلسل جاری تھا، جس کے لیے تحصیل اور علاقائی کمیٹیوں کے اجلاس، اولسی جرگے، تنظیمی میٹنگیں اور رابطہ مہم چلائی گئی۔ کارکنان اور رہنماں کی دن رات محنت کے نتیجے میں نہایت منظم، بھرپور اور تاریخی کانفرنس کا انعقاد ممکن ہو سکا۔ بیان کے مطابق کانفرنس میں دو ہزار سے زائد مندوبین کی بھرپور شرکت اس حقیقت کا ثبوت ہے کہ عوام پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے سیاسی موقف، قومی جدوجہد اور پشتون وطن کی بقا و ترقی کے بیانیے پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔ اسی اعتماد کی بنیاد پر پارٹی اپنی تنظیمی صفوں کو مزید مضبوط کرے گی اور قومی تحریک کو منظم انداز میں آگے بڑھائے گی۔ پریس ریلیز میں اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ ایسے حالات میں جب پشتونخوا وطن دہشت گردی کی لپیٹ میں ہے، ملک پر غیر اعلانیہ مارشل لا مسلط ہے، انصاف اور قانون کا قتلِ عام ہو رہا ہے اور 26 ویں و 27 ویں غیر آئینی ترامیم کے ذریعے ریاست میں فسطائیت مسلط کی جا رہی ہے۔ اس صورتحال سے نجات کا واحد راستہ عوامی مزاحمت، قومی اتحاد اور جمہوری قوتوں کا مضبوط ہونا ہے۔ بیان میں کہا گیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی اپنی تاریخی کردار، نظریاتی جہت اور قومی ذمہ داری کے تحت ملی نجات کی جدوجہد کو بھرپور انداز میں جاری رکھے گی اور عوام کو درپیش سیاسی، معاشی اور آئینی محرومیوں کے خاتمے کے لیے منظم محاذ قائم کرے گی۔

WhatsApp
Get Alert