منگی ڈیم کی لاگت 19 ارب تک پہنچ گئی، ریکارڈ نہ ملا تو معاملہ نیب کو بھیج دینگے، : چیئرمین پی اے سی

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت )پبلک اکانٹس کمیٹی کا اہم اجلاس چیئرمین اصغر علی ترین کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں اراکین کمیٹی، سیکرٹریز، آڈٹ حکام اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ترقیاتی منصوبوں، آڈٹ رپورٹوں، مالی بے ضابطگیوں اور جاری اسکیموں پر تفصیلی غور کیا گیا۔اجلاس میں انکشاف کیا گیا کہ منگی ڈیم، جو جون 2022 تک مکمل ہونا تھا، تاحال نامکمل ہے۔ڈیم سے روزانہ 8 ملین گیلن پانی فراہم ہونا تھا جبکہ کوئٹہ شہر کی یومیہ ضرورت 60 ملین گیلن ہے، جس کا بڑا حصہ زیرزمین وسائل سے پورا کیا جارہا ہے۔آڈٹ کے مطابق اصل لاگت 9,334.078 ملین روپے تھی جبکہ نظرثانی شدہ لاگت 13,247.893 ملین روپے تک پہنچ گئی جو کہ 42 فیصد اضافہ ہے اور 2025 تک لاگت بڑھ کر تقریبا 19,800 ملین روپے تک پہنچ گئی کمیٹی نے اس تاخیر، ناقص منصوبہ بندی اور غلط ڈیزائننگ پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔سیکرٹری پی ایچ ای نے یقین دہانی کروائی کہ منصوبہ 31 مارچ 2026 تک ہر صورت مکمل کر لیا جائے گا۔ کمیٹی نے یہ مہلت آخری قرار دیتے ہوئے سخت نگرانی کی ہدایت جاری کی۔آڈٹ رپورٹ کے مطابق 2019 سے 2022 کے دوران پی ایچ ای کی مختلف ڈویژنز نے ضرورت سے زیادہ مقدار میں سولر سسٹمز اور دیگر مدات میں ادائیگیاں کیں، جس سے سرکاری خزانے کو 64.131 ملین روپے کا نقصان ہوا۔آڈٹ حکام کے مطابق انجینئرنگ معیار کو نظرانداز کیا گیا اور سولر سسٹمز میں غیرضروری واٹیج شامل کیا گیا جبکہ متعلقہ افسران DAC اجلاسوں میں بھی شریک نہیں ہوئے ۔کمیٹی نے ہدایت جاری کی کہ تمام زائد ادائیگیوں کی ریکوری جلد یقینی بنائی جائے، جبکہ سرکاری سولر سسٹم کی چوری کی صورت میں فوری ایف آئی آر کا اندراج کیا جائے۔آڈٹ رپورٹ نے انکشاف کیا کہ گوادر اور لسبیلہ ڈویژن نے 2018-19 میں واٹر ٹینکرز کے ذریعے پانی کی فراہمی پر 975.816 ملین روپے خرچ کیے۔صرف گوادر میں ایک سال کے دوران 956.989 ملین روپے خرچ کیے گئے، مگر اس کا کوئی ڈلیوری شیڈول موجود نہیں اور نہ ہی درست ریکارڈ اور ایم بی داخلے کی تفصیلات موجود ہیں ۔کمیٹی نے سخت انتباہ جاری کیا کہ آئندہ اجلاس میں مکمل ریکارڈ فراہم نہ کرنے کی صورت میں معاملہ نیب کو بھیج دیا جائے گا۔کمیٹی نے واضح کیا کہ محکمہ پی ایچ ای 10 دن کے اندر تمام منصوبوں کا ریکارڈ آڈیٹر جنرل کو فراہم کرے اور ریکوریز کو جلد مکمل کیا جائے۔ مالی بے ضابطگیوں میں ملوث افسران کے خلاف کارروائی کی جائے اور منگی ڈیم سمیت تمام ترقیاتی منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ چیئرمین پی اے سی نے حکم دیا کہ آئندہ اجلاس میں ڈائریکٹر اینٹی کرپشن کو بھی طلب کیا جائے ۔اجلاس کے آخر میں کمپلائنس رپورٹ پر تفصیلی گفتگو کی گئی، جبکہ دوسری نشست میں محکمہ ٹرانسپورٹ کے آڈٹ پیراز کا بھی جائزہ لیا گیا۔
