کیسکو نادہندگان کے ذمہ بقایاجات 750 ارب تک پہنچ گئے، سرکاری محکمے 44 ارب کے مقروض، بجلی کنکشن کاٹنے کا حکم: سی ای او یوسف شاہ

کوئٹہ ( ڈیلی قدرت ) کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی (کیسکو) کے مطابق نادہندگان کے ذمہ بجلی بلوں کے مجموعی بقایاجات ماہ اکتوبر 2025 تک 750 ارب روپے تک پہنچ چکے ہیں۔ اس میں صوبائی حکومت اور اس کے ذیلی محکموں کے واجب الادا بقایاجات تقریبا 44 ارب 29 کروڑ روپے ہیں، جبکہ زرعی سبسڈی کے تحت حکومت بلوچستان کے ذمہ 60 ارب 70 کروڑ روپے بقایاجات واجب الادا ہیں۔ جولائی 2024 کے بعد زرعی سبسڈی میں کوئی ادائیگی نہیں کی گئی ہے۔مزید براں، صوبائی حکومت کے ذیلی محکموں نے ماہ اکتوبر میں صرف 28 فیصد ادائیگی کی جبکہ دیگر نادہندہ صارفین، جن میں گھریلو، تجارتی اور صنعتی صارفین شامل ہیں، کے واجب الادا بقایاجات 47 ارب 86 کروڑ روپے تک پہنچ گئے ہیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر کیسکو انجینئر یوسف شاہ خان نے تمام آپریشن سرکلز کو ہدایات جاری کی ہیں کہ نادہندہ سرکاری محکموں اور دیگر صارفین سے بقایاجات کی وصولی کو تیز کیا جائے اور کسی کے ساتھ رعایت نہ کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ مقررہ وقت کے بعد نادہندگان کے برقی کنکشنز منقطع کر دیے جائیں گے۔نادہندہ سرکاری محکموں میں محکمہ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کے ذمہ 21480 ملین روپے، لوکل باڈیز 3239 ملین، سیکنڈری ایجوکیشن 8766 ملین، پولیس 1419 ملین، ڈپٹی کمشنر دفاتر 1260 ملین، محکمہ صحت 3829 ملین، زراعت 510 ملین، لوکل گورنمنٹ اینڈ رورل ڈیولپمنٹ 435 ملین، کالجز اینڈ ہائر ایجوکیشن 686 ملین، سی اینڈ ڈبلیو 384 ملین، جیل 200 ملین، فشریز 130 ملین، ایری گیشن 201 ملین، لائیواسٹاک 184 ملین، بلڈنگز 229 ملین، سماجی بہبود 128 ملین، واسا 237 ملین اور گوادر ڈیولپمنٹ اتھارٹی کے ذمہ 53 ملین روپے بقایاجات واجب الادا ہیں۔کیسکو نے نادہندگان کو خبردار کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ وہ اپنے بقایاجات بروقت جمع کروائیں بصورت دیگر کنکشنز بلاتاخیر منقطع کیے جائیں گے۔
